0
Wednesday 15 Jun 2016 09:20

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور پہنچ گئے

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لینڈ کر گیا جبکہ ان کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ کے باہر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصاویر اور عوامی تحریک کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ کارکن ایئرپورٹ پر "گونواز گو" کے نعرے لگاتے رہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری غیر ملکی پرواز کے ذریعے دوحہ سے لاہور پہنچے ہیں جہاں وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی کے موقع پر شہداء کے ورثاء کو انصاف دلانے کے لیے 17 جون سے پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیں گے۔ لاہور ائیرپورٹ کے باہر کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ طاہرالقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کروایا، اس قتل عام میں پولیس فورس کو استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال گزر چکے ہیں ہم انصاف کیلئے دھکے کھا رہے ہیں، ہمارے قاتل حکمران ہیں، انہی حکمرانوں نے ہی قتل کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور جابر حکمرانوں نے اپنے ایما پر، اپنے مشورے سے قتل عام کرایا، انصاف تو اسی دن ذبح ہو گیا تھا جس قتل عام کو دنیا نے دیکھا اور انہوں نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ چھپا دی۔ طاہر القادری نے کہا کہ ہم نے عدالتوں سے رجوع کیا اس کے باوجود انصاف نہیں ملا، اب انصاف کیلئے 17 جون کو مال روڈ پر دھرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشتگردی کی کہیں مثال نہیں ملتی، یہ تاریخی ریاستی دہشتگردی ہوئی ہے، ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی آرمی چیف نے مداخلت کر کے ایف آئی آر درج کرائی۔

انہوں نے کہا کہ گوشہ درود کو نشانہ بنایا گیا، خواتین کو چھلنی کیاگیا، اس کے باوجود انصاف دکھائی نہیں دے رہا، شہباز شریف نے خود ٹی وی پر آ کر کہا تھا کہ اس معاملے میں انصاف ہوا اور اگر ہم ملوث پائے گئے تو استعفیٰ دیدوں گا، تو کہاں ہے شہبازشریف کا وعدہ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے، آرمی چیف نے بے پناہ جرات کا مظاہرہ کیا،نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، ملکی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ شہدا کے لواحقین کو حکومت سے انصاف کی توقع نہیں، کیوں کہ قاتل خود حکمران ہیں۔ طاہرالقادری نے کہا کہ آرمی چیف نے یہ ایف آئی آر کٹوائی تھی اور آج ہم انہی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انصاف دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف سے سوال کرتے ہیں ہمیں انصاف کیوں نہیں ملا، میں واضح کرتا ہوں شریف برادران قاتل ہیں، انہوں نے ہی قتل عام کروایا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا میرا فوج سے کوئی تعلق نہیں، میں نے صرف آرمی چیف سے انصاف مانگا ہے۔ ہم ملک میں بدامنی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون کے دھرنے سے حکومت جائے گی یا نہیں یہ میرا کنسرن نہیں، لیکن یہ حکومت اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارے گی، انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا شارٹ ٹرم ہو گا یا لانگ ٹرم اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔
خبر کا کوڈ : 545941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش