0
Thursday 16 Jun 2016 06:59

ایم کیو ایم کا میئر کے انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان

ایم کیو ایم کا میئر کے انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی کئے جانے پر آج الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر نے ڈپٹی میئر ارشد وہرا کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات ملتوی کئے جانے کے خلاف دوپہر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو ایک سازش کے تحت مختلف بہانے بنا کر مسلسل ٹالا جا رہا ہے، اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت طرح طرح سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور وفاق کے اسٹیبلشمنٹ میں موجود متعصب عناصر کراچی اور سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ کراچی کے نامزد میئر نے کہا کہ کبھی حکومت سندھ اپنی چالبازیوں کے ذریعے اس معاملے کو عدالتوں میں گھسیٹ کر لے جاتی ہے، اور کبھی الیکشن کمیشن آف پاکستان ان انتخابات کی گیند کو عدالت کے کورٹ میں ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدارا کراچی اور سندھ دشمنی بند کی جائے اور میئر، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات فی الفور کرائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 546210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش