0
Thursday 16 Jun 2016 22:06

لاہور، حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور، حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ اُم المومنین حضرت خدیجتہ الکبری ٰ سلام اللہ علیہا کا یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس حوالے سے مساجد امام بارگاہوں میں سیمینار اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی زوجہ محترمہ خدیجة الکبریٰ بنت خویلد بن اسد کے فضائل بیان کئے گئے۔ ان کی رسول اللہ سے رفاقت اور ان کی اسلام کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ علی مسجد جامعہ المنتظر مادل ٹاﺅن لاہور میں ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مہدی حسن نے کہا کہ اس عظیم خاتون کی عظمت کا اندازہ، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے اس فرمان سے کیا جا سکتا ہے کہ سب پر میرے احسانات ہیں مگر مجھ پر خدیجہ کے احسانات ہیں، جناب خدیجہ کا اسلام کی بنیادوں میں فقط مال ہی نہیں، ان کی ہر قسم کی قربانیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعثت پیغمبر کے بعد جب سب کفار مخالف تھے، تو اس وقت حضرت خدیجہ، پیغمبر اکرم کی مونس و غمخوار بنیں، جب سب نے بائیکاٹ کیا پر آسائش زندگی کی عادی اس عظیم خاتون نے شعب ابی طالب کی سخت ترین زندگی میں رسول اکرم کا ساتھ دیا۔ جہاں بعض اوقات کئی دن فاقے کرنا پڑتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عظیم محسنہ اسلام بی بی اور حضرت ابوطالب علیہ السلام کی موت کے سال کو پیغمبر نے غم کا سال قرار دیا۔ زوجہ علی المرتضیٰ، حضرت فاطمہ الزہرا جیسی بیٹی کی تربیت کی جن کے گھرانے اور اولاد کو اللہ نے قیامت تک اپنے دین کی مدد کیلئے منتخب کیا اور جنہوں نے اسلام کیلئے وہ خدمات انجام دیں اور قربانیاں دیں جس کی مثال نہیں ملتی۔ مولانا مہدی حسن نے زور دیا کہ خواتین خدیجہ الکبریٰ کی زندگی کا مطالعہ کرکے گھریلو زندگی کو آسان بنا سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 546451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش