QR CodeQR Code

آئندہ برس کے آخر تک پاکستان کو ایران سے گیس ملنا شروع ہو جائے گی، مہدی ہنردوست

23 Jun 2016 03:14

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران سے پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے لئے تجارت کے فروغ کے بہت زیادہ مواقع ہیں، اس وقت دونوں ملکوں کی تجارت کا حجم بہت کم ہے اور اس کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ہدف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ آئندہ برس کے آخر تک پاکستان کو ایران سے گیس ملنا شروع ہو جائے گی، وہ اسلام آباد میں پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ملک ہیں اور ایران سے پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے لیے تجارت کے فروغ کے بہت زیادہ مواقع ہیں، اس وقت دونوں ملکوں کی تجارت کا حجم بہت کم ہے اور اس کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ہدف ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام تعلقات کے مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی تعلقات بڑھنے سے دونوں ملکوں میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ملک ہیں، دونوں ملکوں کو تجارتی اور معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہئے، ایران کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا بھی حصہ بننا چاہئے، سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں کاروباری شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے بہت زیادہ مواقع ہیں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیئرمین ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تجارتی وفود کو تسلسل سے ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کرنے چاہیے اور اس تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی، پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی محمد نے بھی خطاب کیا، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، زبیر طفیل، خورشید برلاس اور مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 547978

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/547978/ا-ئندہ-برس-کے-ا-خر-تک-پاکستان-کو-ایران-سے-گیس-ملنا-شروع-ہو-جائے-گی-مہدی-ہنردوست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org