0
Thursday 23 Jun 2016 07:31

وفاقی حکومت نے معافی تو مانگی مگر بلوچستان کیساتھ رویہ نہیں بدلا، مولانا عبدالواسع

وفاقی حکومت نے معافی تو مانگی مگر بلوچستان کیساتھ رویہ نہیں بدلا، مولانا عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جنرل (ر) مشرف نے اپنی دور میں بلوچوں کی حق تلفی پر معافی مانگی اور بلوچستان کے ساتھ جو کچھ کیا اس پر آصف زرداری نے بھی معافی مانگی، لیکن آج تک معافی مانگنے کے باوجود وفاقی حکومت نے رویہ تبدیل نہیں کیا، موجودہ وفاقی حکومت نے بھی بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کیا۔ صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اس کی زندہ مثال ہے، گوادر پورٹ کی وجہ سے بلوچستان دنیا کی نظروں میں کھٹک رہا ہے، بلوچستان کے 65 سالہ محرومی کا ازالہ کرنے کیلئے سی پیک کا کام بلوچستان سے شروع کرنا تھا، لیکن وہ بھی نہیں کیا گیا، ایسی صور ت میں سی پیک کا کام بلوچستان سے شروع کیے بغیر عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2015-16 کے بجٹ پر صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا عبد الوسع کا کہنا تھا کہ مرکز نے 65 سالہ رویہ بلوچستان کے ساتھ روا رکھا ہے، محاصل کے تقسیم اور سرچارجز کی مد میں جتنا بلوچستان کا حق بنتا ہے وہ نہیں دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی بجٹ کا سب سے بڑا مسئلہ غیر ترقیاتی اخراجات ہے اور غیر ترقیاتی اخراجات سے ہم مطمئن نہیں ہیں، غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے فکس بجٹ رکھا جائے تو بدعنوانی کا امکان نہیں ہو گا، غیر ترقیاتی اخراجات کا جائزہ لیکر دوبارہ ایوان میں لایا جائے ورنہ اس صورت میں صوبائی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین پر ڈرون حملے ہمارے خود مختاری پر حملہ ہے وفاقی حکومت اس سلسلے میں پالیسی کو وضع کرے اور امریکہ سے نہ صرف احتجاج بلکہ اس طرح ڈرون حملوں کی تدارک کیلئے سدباب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے مقصد سے ہٹنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے، جس ملک کو دوست سمجھتے ہیں وہی ہمارے خودمختاری کے خلاف ورزی کررہا ہے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، ہم امریکہ پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی خود مختاری اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی پالیسی بنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 548008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش