0
Thursday 23 Jun 2016 22:55

ایم کیو ایم کے قائد کیطرف سے ملت تشیع کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ایم کیو ایم کے قائد کیطرف سے ملت تشیع کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت ہاؤس سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے ملک میں جاری شیعہ نسل کشی اور انتہا پسندی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی بھوک ہڑتال کی حمایت و یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحدہ کے قائد الطاف حسین کی طرف سے ملت تشیع کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے، ملک کو انتہا پسندی کے عفریت سے چھٹکارا دلانے کے لیے تمام اعتدال پسند سیاسی و مذہبی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا، مذہبی انتہاء پسندی اور تکفیریت کا فروغ وطن عزیز کے استحکام اور قومی امن و سلامتی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی و مذھبی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے ملک دشمن کالعدم تنظیموں کی سرکوبی کے لیے استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی و مذہبی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جاتا تو امجد صابری جیسا عاشق رسول (ص) اور خرم ذکی شہید نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات دور کئے جائیں اور ریاستی ادارے ملک دوست قوتوں کو دشمن گرداننے کی پالیسی ختم کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوری کارروائی کا آغاز کیا جائے، تاکہ ملک میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہوسکے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے امید ظاہر کی ہے کہ مظلومیت کے حق اور ظلم کے خلاف ہماری آواز کو ایم کیو ایم پارلیمنٹ میں بھی بلند کرے گی۔ انہوں نے ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا، جن کے مرکزی رہنماوں نے احتجاجی کیمپ میں آکر اظہار یکجہتی کیا۔
خبر کا کوڈ : 548216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش