0
Friday 24 Jun 2016 18:53

حکومتی دعوئوں کے باوجود سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، میاں مقصود احمد

حکومتی دعوئوں کے باوجود سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، میاں مقصود احمد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ رحمتوں اور برکتوں والے مہینے میں جہاں ایک طرف بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا بدترین سلسلہ جاری ہے وہاں دوسری جانب مہنگائی نے غریب عوام کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام مشکل بنا دیا ہے۔ رمضان المبارک ایک ایسا مقدس اور برکتوں والا مہینہ ہے جس میں دنیا بھر کے مسلمان انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت کرتے ہیں لیکن پاکستان میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہر سال عوام کے لئے ماہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعوئوں کے باوجود سحروافطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ روزہ داروں کو شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت شہروں میں 12 سے 14 اور دیہاتوں میں 18 سے 20 گھنٹے کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عذاب الٰہی کو دعوت نہ دیں اور رمضان المبارک کے احترام میں پنجاب سمیت پورے ملک میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی پر کنٹرول اور عوام کو روز مرہ کی چیزیں سستی فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ جو حکومت رمضان کے مقدس مہینے میں بھی شہریوں کو ریلیف فراہم نہ کرسکے تو اس کے برسر اقتدار رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔
خبر کا کوڈ : 548322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش