0
Saturday 25 Jun 2016 21:58

تھوڑے دنوں میں امجد صابری کے قاتلوں تک پہنچ جائیں گے، مشیر اطلاعات سندھ

تھوڑے دنوں میں امجد صابری کے قاتلوں تک پہنچ جائیں گے، مشیر اطلاعات سندھ
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ دہشتگردی پورے ملک کا مسئلہ ہے اور شہر کراچی کے امن کو پاکستان سے علیحدہ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ کراچی میں نثار کھوڑو اور نفیسہ شاہ کے ہمراہ امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ امجد فرید صابری پورے پاکستان کی آواز تھے، وہ ایک فقیر شخص اور امن و محبت کے سفیر تھے، سمجھ نہیں آیا کہ انھوں نے دہشتگردوں کا کیا بگاڑا تھا، ان کی شہادت پر ناصرف پورے پاکستان میں غم کی لہر پائی جاتی ہے، بلکہ دنیا کے کئی دیگر ممالک میں بھی ان کے چاہنے والے اشکبار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کام ہی افراتفری پھیلانا ہوتا ہے، اور وہ نشانہ ہی اس شخص کو بناتے ہیں جو محبت کا مرکز ہوتا ہے، حکومت اقدامات کر رہی ہے اور تھوڑے دنوں میں قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کو پورے پاکستان کے امن سے علیحدہ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا، جب پورے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ ہو رہا ہے، تو وہ بھی بکھر گئے ہیں اور اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسی لئے ایسی شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس سے عوام میں مایوسی کی لہر پیدا ہو۔ اس موقع پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ حکومت امجد صابری کے بچوں کی تعلیم اور ذریعہ معاش کیلئے ہر لحاظ سے مدد کرے گی، یہ ساری چیزیں کرنے سے امجد صابری واپس تو نہیں آئے گا، لیکن ان کی آواز اور صوفی میوزک جاری رہے گا۔ قبل ازیں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے بھی امجد صابری کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی، اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 548616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش