0
Sunday 26 Jun 2016 14:00

تحقیقاتی ٹیم 6 روز بعد بھی اویس شاہ کے اغوا کاروں کا سراغ لگانے میں ناکام

تحقیقاتی ٹیم 6 روز بعد بھی اویس شاہ کے اغوا کاروں کا سراغ لگانے میں ناکام
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کو اغوا ہوئے 6 روز گزر گئے، لیکن پولیس کی تحقیقاتی ٹیم تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کو 20 جون کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک معروف شاپنگ سینٹر کے باہر سے دن دیہاڑے اغوا کیا گیا تھا، اغوا کار اویس شاہ کو سندھ پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی میں لے گئے تھے، تاہم تحقیقاتی ٹیم اب تک نہ تو جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی تلاش میں کامیاب ہو سکی ہے، اور نہ ہی ملزمان کا سراغ لگا پائی ہے۔ ڈی آئی جی سلطان خواجہ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیے گئے افراد سے پوچھ گچھ کے دوران کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، جبکہ جیو فینسنگ سے بھی تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں مل سکے۔

جیو فینسنگ کے ذریعے دو سے تین موبائل نمبرز ملے تھے، لیکن ان نمبروں سے کوئی اہم پیش رفت نہیں ہو سکی۔ تحقیقاتی کمیٹی میں شامل ایک رکن کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے اویس شاہ کو سرگرمی سے تلاش کر رہے ہیں، لیکن اب تک اویس شاہ کے اغوا میں ملوث ملزمان کا تعین ہی نہیں ہو سکا، اور تفتیش کار 6 روز بعد بھی اسی مقام پر کھڑے ہیں، جہاں پہلے دن تھے، اغوا کاروں کی جانب سے بھی تاحال کوئی رابطہ سامنے نہیں آیا، جب تک یہ معلوم نہیں ہو سکے گا کہ اویس شاہ کو کیوں اغوا کیا گیا اور ملوث ملزمان کے کیا مقاصد ہیں، اس وقت تک تفتیش آگے نہیں چل سکے گی۔
خبر کا کوڈ : 548767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش