0
Monday 27 Jun 2016 19:21

پی پی اور پی ٹی آئی کے فیصلوں نے متحدہ اپوزیشن کو نقصان اور حکومت کو فائدہ پہنچایا، لیاقت بلوچ

پی پی اور پی ٹی آئی کے فیصلوں نے متحدہ اپوزیشن کو نقصان اور حکومت کو فائدہ پہنچایا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات عملاً ڈیڈ ہوگئے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے کچھ لوگ احتساب نہیں چاہتے۔ دونوں طرف کرپٹ عناصر کا ایک طاقتور ٹولہ ہے جو قومی امنگوں کا خون کر رہا ہے اور کسی آئین و قانون کی پروا کئے بغیر ملک کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا چاہتا ہے۔ حکومتی دبائو نے نیب، ایف آئی اے اور انویسٹی گیشن اداروں کو عملا اپاہج بنا دیا ہے۔ پی پی اور پی ٹی آئی کے فیصلوں نے متحدہ اپوزیشن کو نقصان اور حکومت کو فائدہ پہنچایا۔ جماعت اسلامی اپنے موقف پر قائم ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن کی صفوں میں موجود لٹیروں کا بلاامتیاز کڑا احتساب ہونا چاہئے اور چیف جسٹس کی نگرانی میں ایک بااختیار کمیشن بنایا جائے جو پانامہ اور دبئی لیکس سمیت اب تک سامنے آنے والے تمام کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات کرے اور مجرموں کو کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پارلیمانی ٹی او آرز کمیٹی نے پہلے دن ہی سے کمیشن کے قیام میں روڑے اٹکانے شروع کردیئے تھے اور آخر ایک ماہ ضائع کرنے کے بعد دونوں طرف موجود کچھ عناصر نے اس انتہائی اہم قومی معاملے کا گلا دبا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف میدان میں ہے اور ان شاءاللہ عوامی قوت سے کرپٹ عناصر کو عدالتوں کے کٹہرے میں لائیں گے اور جب تک قوم کی لوٹی گئی دولت کی ایک ایک پائی کا حساب نہیں لے لیا جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم لٹیروں کا بلا امتیاز احتساب چاہتی ہے اور ہم کسی قیمت پر قومی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ راولپنڈی میں پیدل مارچ کے بعد بھی اگر حکومت احتساب کمیشن کے قیام پر تیار نہ ہوئی تو ہم چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں کرپشن کے خلاف عوام کو میدان میں لائیں گے اور حکومت کو احتساب سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 549054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش