0
Tuesday 28 Jun 2016 01:59

یوم شہادت امام علی ؑ ، کراچی کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا

یوم شہادت امام علی ؑ ، کراچی کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت کراچی میں بھی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، یوم شہادت امام علی ؑ کی مناسبت سے شہر بھر میں مختلف مقامات پر مجالس عزاء منعقد کی گئیں اور جلوس برآمد ہوا۔ نشتر پارک میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا ء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر ماجد رضا عابدی نے حضرت علی علیہ السلام کے فضائل اور ان کی شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کا دور خلافت اور طرز حکومت کا مطالعہ ہمارے حکمرانوں کی رہنمائی کرسکتا ہے، موجودہ ملکی حالات قومی یکجہتی و اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں، امت مسلمہ باہمی اختلافات کو بھلا کر دین کی بقاء کی خاطر متحد ہوجائیں۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر عالم اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ علامہ ماجد رضا عابدی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کرے، ورنہ پوری قوم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حمایت کیلئے اسلام آبادکی جانب مارچ کرے گی۔ بعد ختمِ مجلس شبیہ علم و تابوت کا جلوس برآمد ہوا، بوتراب اسکاوٹس نے جلوس کی رہنمائی کے فرائض انجام دیے۔ نمائش چورنگی اور جلوس کے راستوں پر فلاحی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے تھے ۔جلوس میں عزارداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کی۔

بعد ازاں یوم علی کا جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سنٹر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، سٹی کورٹ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی سیکورٹی کے لیے حکومت کی جانب سے سیکورٹی فل پروف انتظامات کیے گئے تھے 5 ہزار سے زائد پولیس اور ڈیڑھ ہزار سے زائد رینجرز اہلکاروں نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ بلند مقامات پر نشانہ باز تعینات تھے، سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیلی کیم کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ جدید ربوٹ کا بھی استعمال کیا گیا جس میں چار کیمرے نصب تھے اس کے علاوہ نمائش چورنگی سے کھارادر کے راستے کی تمام مارکیٹ اور دکانوں کو ایک روز قبل ہی سیل جبکہ اطراف کی گلیوں کو کنٹینرز، بسوں اور ٹرک لگا کر بند کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 549142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش