0
Wednesday 29 Jun 2016 12:07

فلسطین فاونڈیشن سندھ کا یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان

فلسطین فاونڈیشن سندھ کا یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جیکب آباد ڈسٹرکٹ پریس کلب میں آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کے موضوع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، چیئرمین شہری اتحاد اور مسلم لیگ نون کے ضلعی صدر محمد اکرم ابڑو، جماعت اہل سنت کے رہنماء اور مکی مسجد کے خطیب مولانا صوفی فتح محمد سیانچ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حاجی لکھمیر چاچڑ، جماعت اسلامی کے خادم حسین جکھرانی، آل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی رہنما ناصر خان تھہیم، فلاحی ادارے MRDO کے پروگرام مینجر و سماجی رہنماء گل بلیدی، مولانا سراج احمد شاہ، جاموٹ قومی موومنٹ کے ڈویژنل صدر نثار احمد ابڑو، شہداء کمیٹی کے نائب صدر پیر بخش لاشاری، درگاہ حاجن شاہ حضوری کے سجادہ نشین سید ریاض علی شاہ، آئی ایس او کے رہنماء رجب علی پیچوہو، مولانا حسن رضا غدیری و دیگر شریک ہوئے۔

فلسطین فائونڈیشن پاکستان صوبہ سندھ چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ دنیا بھر میں یوم القدس کے عنوان سے منایا جاتا ہے، تاہم  جمعة الوداع یوم القدس کو دنیا بھر کے مظلوم لوگوں کا دن سمجھتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے سنہ 2010ء میں بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں یوم القدس کے اجتماع پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو یہ افتخار حاصل ہے کہ انہوں نے تحریک آزادی القدس کے لئے ستر سے زائد شہداء پیش کئے ہیں اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں اپنا عملی کردار بھی ادا کیا ہے۔

اس موقع پر رہنمائوں نے شہدائے یوم القدس کوئٹہ کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں جمعة الوداع یوم القدس کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے جبکہ یوم القدس کو سرکاری دن کے طور پر منانے کا اعلان کر کے فلسطینی مظلوم کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ بھی کیا جائے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کے مسائل میں سب سے اہم مسئلہ ہے اور ہم سندھ کے عوام سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ  جمعة الوداع یوم القدس کے اجتماعات اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی عالمی تحریک کا حصہ بنیں۔ واضح رہے کہ فلسطین فائونڈیشن پاکستان نے ملک بھر میں یوم القدس کی مناسبت سے ''یا قدس! ہم آ رہے ہیں'' مہم کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت ملک بھر میں پریس کانفرنسز اور سیمینارز سمیت ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد عوام کے درمیان یوم القدس کو اجاگر کرنا اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 549538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش