0
Wednesday 29 Jun 2016 23:32

مسلم امہ کے درمیان نفاق کے باعث اسرائیل فلسطین پر ناجائز تسلط برقرار رکھے ہوئے ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

مسلم امہ کے درمیان نفاق کے باعث اسرائیل فلسطین پر ناجائز تسلط برقرار رکھے ہوئے ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ بیت المقدس پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینی مسلمانوں پر صیہونی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ’’آزادی قدس منتظر وحدت امت مسلمہ کانفرنس‘‘ کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری، مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما سینیٹر ظفر علی شاہ، عوامی نیشنل پارٹی کے سینٹر افراسیاب خٹک، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بیت المقدس ہاتھ سے نکلنے پر یہ ثابت ہوا ہے کہ امت مسلمہ کی قوت صفر ہوچکی ہے۔ اسرائیل و امریکہ کی رعونت کو لبنان کی مٹھی بھر طاقت نے خاک میں ملا کر رکھ دیا۔ عالم اسلام کو بدنام کرنے کے لئے داعش، النصرہ اور طالبان طرز کی دہشت گرد جماعتوں کی تشکیل کی گئی، تاکہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما کر پیش کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا وسائل اور افرادی قوت کے اعتبار سے ایک بڑی منڈی ہے۔ یورپ اس خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے پر تلا ہوا ہے۔ ایشیا میں مختلف ممالک کے مابین تصادم یورپ کے لئے نفع بخش ہے، اس لئے وہ سازشوں میں مصروف ہے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ایشیائی ممالک کو باہمی مسائل گفت و شنید سے حل کرنا ہوں گے۔ ملک کو اس وقت دہشت گردی کے عفریت نے جکڑ رکھا ہے۔ اڑھائی ہزار دہشت گردوں کو مارنے سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ علامہ ناصر عباس نے کہ گذشتہ 48 دنوں سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں۔ میرے سارے مطالبات ملک و قوم کے استحکام کے لئے ہیں۔ ہمارا کوئی سیاسی ہدف نہیں۔ ہم کسی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے نہیں بیٹھے۔ انہوں نے کہ یوم القدس کے موقع پر ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اجتماعات میں فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ مسلم لیگ نون کے رہنما ظفر علی شاہ نے کہا کہ میں آیت اللہ خمینی کی ذہانت و بصیرت کو داد دیتا ہوں، جنہوں نے دنیا بھر میں یوم القدس منانے کو ضروری قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 549666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش