QR CodeQR Code

استثنیٰ عدالتی معاملہ نہیں،ضمانت دیتا ہوں ریمنڈ کے خلاف امریکا میں کارروائی کرینگے،جان کیری

16 Feb 2011 10:44

اسلام ٹائمز: امریکی سینیٹر جان کیری نے کہا کہ ہم قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں ،میں یقین دلاتا ہوں ریمنڈ کے خلاف امریکا میں کارروائی ہو گی اور یہ بھی یقین دہانی کراتا ہوں کہ امریکا میں اس تمام واقعے میں مکمل طور پر چھان بین کی جائے گی


اسلام آباد:اسلام ٹائمز-امریکی سینٹ کی خارجہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری نے کہا ہے کہ ڈکٹیشن دینے نہیں بلکہ اچھے دوست کی حیثیت سے پاکستان آیا ہوں، ریمنڈ ڈیوس کے خلاف امریکہ میں کارروائی کریں گے، پاکستانی عوام مشکل حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پہنچنے کے بعد امریکی قونصلیٹ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے نواز شریف اور شاہ محمود قریشی کو فون بھی کیا۔ پریس کانفرنس میں جان کیری نے کہا سیلاب کے دوران سینئر امریکی رہنماؤں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، میں نے امریکہ واپس جا کر بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں نئی جہتیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے، لاہور واقعے میں ڈیوس کے ہاتھوں ہلاکتوں پر افسوس ہے، غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ضمانت دیتا ہوں کہ امریکہ میں ریمنڈ ڈیوس سے اس کے جرم کی مکمل چھان بین ہو گی، ہم نے ریمنڈ کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ 200 سے زائد ممالک نے ویانا کنونشن پر دستخط کر رکھے ہیں اور اس کنونشن کے تحت سفارتکاروں کو استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک واقعے کی وجہ سے پاک امریکہ تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہمیں اہم معاملات پر بات چیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قیادت سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو یقین ہے کہ ریمنڈ کا استثنیٰ عدالتی معاملہ نہیں، سیاست اور نظریئے سے بالاتر ہو کر اس مسئلے کا حل نکالیں گے۔ جان کیری نے کہا ریمنڈ سفارت خانے کے ٹیکنیکل سٹاف میں شامل ہے اور یہ بات امریکی دستاویزات سے ثابت ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب بھی اس معاملے میں پوری طرح کلیئر ہیں اور انہوں نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا صدر اوباما پاکستان کو مشکلات سے نکالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سے متعلق امریکہ کی بجائے پاکستانی حکومت کا موقف زیادہ اہم ہے۔ قبل ازیں جان کیری نے امریکہ سے روانگی سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے فون پر بات کی۔


خبر کا کوڈ: 54984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/54984/استثنی-عدالتی-معاملہ-نہیں-ضمانت-دیتا-ہوں-ریمنڈ-کے-خلاف-امریکا-میں-کارروائی-کرینگے-جان-کیری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org