0
Friday 1 Jul 2016 02:27

برطانوی ریفرنڈم کے بعد پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، خرم دستگیر

برطانوی ریفرنڈم کے بعد پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا،  خرم دستگیر
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی ریفرنڈم کے بعد پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، یورپی یونین اور یورپی کمیشن میں نئے سفارتی اورتجارتی پارٹنر تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے تجارتی مندوب کو احکام جاری کر دیے ہیں، پاکستان تجارتی محاذ پر یورپ کے آزادانہ تجارت کے حامی ممالک خصوصاً شمالی یورپ کے ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے پر توجہ دے گا۔ یورپ میں پاکستانی سفارتخانوں میں متعین کمرشل قونصلروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ میزبان ملک کی وزارت تجارت سے رابطے میں رہیں اور انھیں پاکستان کے لیے تجارتی مراعات کی افادیت اور پاکستان کی اپنی ذمے داریوں پر پیشرفت سے آگاہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی کمیشن میں پاکستان کے تجارتی اور معاشی مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے نئے دوست بنانے اور پرانے دوستوں سے تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ برطانوی ریفرنڈم کے باوجود جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات متاثر نہیں ہوں گی، پاکستانی ایکسپورٹرز برطانیہ کو بلا تعطل برآمدات جاری رکھیں کیونکہ برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے ختم ہونے کا فوری خدشہ درپیش نہیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے باہر نکلنے پر یورپی یونین کے لزبن ٹریٹی کا آرٹیکل 50لاگو ہوتا ہے جس کے تحت یونین سے باہر نکلنے والا ملک پہلے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے، برطانیہ کے تناظر میں ایسا کوئی نوٹیفکیشن فی الوقت جاری نہیں کیا گیا، آرٹیکل 50کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے 2سال بعد تک یورپی یونین کے معاہدے اور اقرارنامے اس ملک پر لاگو ہوتے ہیں لہٰذا پاکستان کے لیے برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے فوری ختم ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے فرانس میں پاکستان کے نومتعین سفیر معین الحق سے بھی ملاقات کی اور انھیں فرانس میں متحرک تجارتی سفارتکاری کی ہدایت کی۔ انھوں نے فرانس میں آئندہ برس ایکسپو منعقد کرانے کی ہدایت کی جس میں روایتی نمائش کے برعکس ڈیزائننگ پر توجہ دی جائے گی، اس میں زیورات، فرنیچر، ٹیکسٹائل، دستکاری، اسپورٹس اور فیشن ڈیزائننگ سے متعلق اشیا کی نمائش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 549997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش