QR CodeQR Code

لاہور، شیعہ علماء کونسل کی القدس ریلی، مختلف مذہبی رہنماؤں کی شرکت

1 Jul 2016 22:59

اسلام ٹائمز: صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ جس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ یوتھ، وفاق المدارس الشیعہ، شیعہ علماء کونسل لاہور شعبہ خواتین، اسلامک ایمپلائیز کے کارکن شریک ہوئے۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی بچوں کیساتھ ریلیوں میں شامل تھی جنہوں نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں نماز جمعۃ الوداع کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کرکے ناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مسترد اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ یہ ریلیاں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں۔ لاہور میں صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ جس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ یوتھ، وفاق المدارس الشیعہ، شیعہ علماء کونسل لاہور شعبہ خواتین، اسلامک ایمپلائیز کے کارکن شریک ہوئے۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی بچوں کیساتھ ریلیوں میں شامل تھی جنہوں نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔

کارکنوں نے امام خمینی، رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای اور علامہ ساجد علی نقوی کی تصاویر اور مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ اور جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ قاری زوار بہادر سمیت علامہ افضل حیدری، مولانا اشتیاق کاظمی، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا نثار حسین، توقیر حسین بابا، شہباز حیدر نقوی، آصف علی زیدی، جعفر شاہ، صغیر ورک، قاسم علی قاسمی، ملک شوکت علی اعوان، ملک فقیر حسین، عامر علی خاں بھٹی، مولانا یعقوب رضا حیدری، فخر عباس بٹر، محمود علی بھٹی اور دیگر نے ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، جس سے کوئی آزاد پسند انسان الگ تھلگ نہیں رہ سکتا۔ امام خمینی کی ہدایت پر شروع ہونے والا القدس قافلہ فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع نے دنیا بھر میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرکے فرض کفایہ خوب نبھایا ہے اور استعمار دشمنی کی بھاری قیمت بھی ادا کی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ دیگر مسالک کے پیروکار بھی اس جدوجہد میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، جو کہ اتحاد امت کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے مقابلے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد مضبوط بنانا چاہیے۔ ریلی سے خطاب میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد امت ہے، جس کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کے رہنما کوشاں ہیں۔ قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے اور پاکستان میں اتحاد کی فضا قائم کرنے میں علامہ ساجد علی نقوی کا کلیدی کردار قابل تحسین ہے۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اسرائیلی مظالم کیوں نظر نہیں آتے۔ مولانا اشتیاق کاظمی نے کہا کہ مسلم ممالک بہادر اور متقی قیادت میں متحد ہوجائیں تو فلسطین کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 550055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/550055/لاہور-شیعہ-علماء-کونسل-کی-القدس-ریلی-مختلف-مذہبی-رہنماؤں-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org