0
Wednesday 16 Feb 2011 10:12

جشن عید میلاد النبی ص مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے،ملک بھر میں چراغاں اور درود و سلام کی محفلیں اور جلوس

جشن عید میلاد النبی ص مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے،ملک بھر میں چراغاں اور درود و سلام کی محفلیں اور جلوس
کراچی:اسلام ٹائمز۔ملک بھر میں بارہ ربیع الاول مذہہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ آج ہجری سال کے تیسرے مہینے کی بارہ تاریخ ہے۔ آج ہی کے دن سردار الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی ولادت ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا پیغام پہنچانے والی اس ہستی کو اپنے آخری کلام میں رحمت اللعالمین کہا اور اس ذات پاک نے عمل سے یہ حقیقت ثابت کی۔ عربی زبان میں لفظ رحمت کا مفہوم نرمی، لطف اور مہربانی ہے۔ اس لفظ میں محبت، شفقت، فضل اور احسان سب ہی شامل ہیں۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے " ہم نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے'' یعنی کائنات کے ہر طبقے کی غم گسار، ہمدرد، خیرخواہ، ترس کھانے اور سب کا بھلا چاہنے والی ایک ہی ہستی ہے اور وہ ہے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رحمت اللعالمین ہونے کے مظاہر علمی بھی ہیں اور عملی بھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نہ صرف رحمت کا درس دیا بلکہ خود عمل کر کے بھی دکھایا۔ ایک موقع پر صحابہ کرام نے مظالم سے تنگ آکر کفار مکہ کے لئے بددعا کی درخواست کی لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا " میں لعنت کرنے والا بنا کر نہیں بھیجا گیا، میں تو سراپا رحمت بنا کر مبعوث کیا گیا ہوں۔'' یہی وجہ ہے کہ غیر مسلم بھی حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صلہ رحمی کے معترف ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ حسنہ تمام مسلمانوں کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ کرام کو بھی ہمیشہ دوسروں پر رحم کرنے کی تلقین کی اور یہاں تک فرمایا " جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا، اللہ اس پر رحم نہیں کرتا۔'' یہ بات مسلمہ حقیقت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور تعلیمات کا بنیادی نکتہ انسانیت کی بھلائی اور رہنمائی ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ص مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ کراچی میں جشن عیدمیلاد النبی ص کے موقع پر جہاں پورا شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے۔ عاشقان رسول ص کی جانب سے میلاد کی محفلیں منعقد کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب تسکین قلب کے لیے آب زم زم کی سبیل لگا کر شمع رسالت کے پروانوں کے جوش وخروش کو مزید بڑھا دیا ہے۔ کراچی میں نمائش چورنگی جشن عید میلادالنبی ص کے موقع پر پرکیف منظر پیش کر رہی ہے۔ وہیں ایک جانب عاشقان رسول کی محبت میں آب زم زم کا سبیل کیمپ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ولادت مصطفی کی مناسبت سے لگائی جانے والی سبیل کے کیمپ پر عوام کی بڑی تعداد آب زم زم پینے اور موئے مبارک کی زیارت کرنے آ رہے ہیں۔ 
پشاور میں جشن عید میلاد النبی ص شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ عالمی متحدہ مشائخ کونسل کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں سیرت کانفرس کا نعقاد کیا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبی ص کے موقع پر شہر کے بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ پشاور میں عید میلاد النبی ص کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے بعد از نماز عشا برآمد ہو گا جو ہشت نگری، کریم پورہ، گھنٹہ گھر، چوک یادگار، بازار مسگراں سے ہوتا ہوا قصہ خوانی بازار میں اختتام پذیر ہو گا۔ عید میلاد النبی ص کے موقع پر پشاور میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ 
حیدرآباد میں سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ محافل نعت، سیرت کانفرنس اور درود و سلام کی محفلیں بھی جاری ہیں۔ میرپورخاص میں سیرت کانفرنس منعقد کی گئی۔ ضلع لاڑکانہ میں سب سے بڑا دو روزہ اجتماع درگاہ مشوری شریف میں شروع ہو گیا ہے۔ بلوچستان کے اضلاع نصیرآباد، جعفرآباد، سبی، بولان اور جھل مگسی سمیت مختلف علاقوں میں بھی عید میلادالنبی ص کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ فیصل آباد میں اس موقع پر ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت سے انیس منزلہ کیک کاٹا گیا۔ اس کیک کا وزن 70 من تھا۔ شہر کی مساجد اور گلی محلوں میں محافل نعت کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں 1200 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ شہر میں مرکزی ریلی سنی تحریک کی جانب سے نکالی گئی۔ گوجرانوالہ، جھنگ، خانیوال، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ دیگر صوبوں کی طرح صوبہ خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں آج یوم ولادت حضرت محمد مصطفٰی ص کے سلسلے میں جلوس نکالے جائیں گے۔

خبر کا کوڈ : 55026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش