0
Sunday 3 Jul 2016 11:38

بہت سے عرب ممالک پسِ پردہ اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں، پروفیسر بنجمن یشیوا

بہت سے عرب ممالک پسِ پردہ اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں، پروفیسر بنجمن یشیوا
اسلام ٹائمز۔ معروف اسکالر پروفیسر بنجمن یشیوا نے امریکہ میں یوم القدس کے موقع پر احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جس طرح فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے، میں سوال کرتا ہوں کہ کہاں گے وہ مسلمانوں کے رہبر جو اتنی بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود اسرائیل کی ناکہ بندی کرنے کی جرت نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود اور فلسطین پر ظالمانہ قبضہ اس دور کی بڑی طاقتوں کی سازشوں اور اسلام مخالف رویوں کا شاخسانہ ہے، مسلمانوں کے قبلہ اوّل کی آزادی اگر مسلمانوں کو مقصود ہے، تو پھر تمام مسلمان ممالک کو یکجا ہو کر اسرائیل کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کچھ عرب ممالک کی دوہری پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل کی ظالم ریاست کے ناجائز قیام سے لیکر اب تک کا تقابلی جائزہ کیا جائے، تو واضح ہو جائیگا کہ کونسی غیر مسلم اور کونسی مسلم طاقتیں اسکی پشت پناہی پر تھیں اور آج بھی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بہت سے عرب ممالک پسِ پردہ اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مین ہٹن نیویارک میں منعقدہ " یوم قدس " کی ریلی میں انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے وہ افراد جن کے دلوں میں انسانیت کا درد ہے وہ اسرائیلی دہشت گردی کی ضرور مذمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تاریخ کے استاد بھی ہیں اور انہوں نے اس موضوع پر کئی تحقیقی مقالے لکھے ہیں اور انہوں نے امریکی حکام کو بھی باور کروانے کی کوشش کی ہے کہ فلسطین کے اصل مالک فلسطینی مسلمان باشندے ہیں، اسرائیل نہیں، ایک وقت آئیگا کہ بڑی طاقتیں ضرور اپنی غلطی تسلیم کرینگی کہ انہوں نے اسرائیل کو کیوں اجازت دی کہ وہ انکی جانوں سے کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ کیا اسرائیل اور دنیا کے بعض ممالک یہ گمان کر چکے ہیں کہ یہ کھیل ساری زندگی اسی طرح چلتا رہے گا، مسلمان اور یہودی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ واحد ذات جو دنیا کا کاروبار چلا رہی ہے وہ خدا کب تک ظالموں کو کھلی چوٹ دیتا رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ انصاف نہیں ہو گا اُس وقت تک دنیا حقیقی عدل و انصاف سے محروم رہیگی۔
خبر کا کوڈ : 550470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش