0
Sunday 3 Jul 2016 20:31

بارش کے بعد شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، یہ شہریوں کا حق ہے کہ اسے پانی ملے، حافظ نعیم الرحمن

بارش کے بعد شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، یہ شہریوں کا حق ہے کہ اسے پانی ملے، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام کے دیرینہ مسائل ،بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور شہر میں پانی کی قلت کے حوالے سے کمشنر کراچی اعجاز احمد اور ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور شہریوں کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں سے آگاہ اور زور دیا کہ مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور شہریو ں کو ذہنی و جسمانی اذیت سے نجات دلانے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ملاقاتوں میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب، نائب امیر مسلم پرویز، ڈپٹی سکریٹری سیف الدین ایڈوکیٹ، قاضی صدرالدین، این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کمشنر کراچی کو شہر کی خستہ حالی، گندگی کے ڈھیروں اور گندے پانی کے جگہ جگہ جمع ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کچرے کے ڈھیر پہاڑ بن رہے ہیں۔ گلیوں، سڑکوں میں گندا پانی جمع ہے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریاں ہیں، برساتی نالوں کی صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ کچرا اٹھائے نہ جانے کی وجہ سے جگہ جگہ کچرا جلایا جارہا ہے جس سے عوام کے اندر سانس کی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن سے کمشنر کراچی کو کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی اور عوام پر ڈھانے جائے جانے والے عذاب سے آگاہ کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں، لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو شہر میں تین مرتبہ شہری حکومت میں شریک ہونے کا موقع ملا ہے ہم نے اپنے ادوار میں شہری مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی، جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اور احتجاج برائے احتجاج پر یقین نہیں رکھتی لیکن شہری مسائل کے مسلسل بڑھنے اور ان کے حل نہ کیے جانے سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ کمشنر کراچی نے حافظ نعیم الرحمن کو یقین دلایا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، ہمیں ان مسائل کا ادراک اور احساس ہے، جماعت اسلامی یقیناً شہر کی بڑی جماعت ہے اور اسے کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید سے ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے پانی کی شدید قلت اور بحران پر تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ اصل میں کراچی کے اندر پانی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام درست اور منصفانہ نہیں ہے، کراچی کے ہر شہری کا حق ہے کہ اسے پانی ملے، پانی کی ترسیل اور تقسیم کا درست اور منصفانہ نظام نافذ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 550666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش