QR CodeQR Code

اسلامی سربراہان مل بیٹھ کر دہشتگردی کیخلاف مشترکہ اور جامع پالیسی بنائیں، علامہ ناظر عباس

5 Jul 2016 20:50

اسلام ٹائمز: ایس یو سی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ استعمار کے ایجنٹ ہیں اور پوری دنیا میں اسلام کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، دھماکوں کے بعد سعودی عرب کو بھی اپنی داخلی اور خارجی پالیسی پر نظر ثانی کرنا پڑیگی۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام سعودی عرب میں قطف، مسجد نبوی اور جنت البقیع کے باہر ہونے والے خودکش دھماکوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایس یو سی سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ کرام الدین واعظی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ مسجد نبوی اور جنت البقیع کے باہر ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس دلخراش واقعے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار افسوس کرتے ہیں، ان دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ استعمار کے ایجنٹ ہیں اور پوری دنیا میں اسلام کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ان دھماکوں کے بعد سعودی عرب کو بھی اپنی داخلی اور خارجی پالیسی پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ دہشتگردی پوری دنیا اور عالم اسلام کا مسئلہ بن چکا ہے، اسلامی سربراہان کو چائیے کہ آپس میں مل بیٹھ کر دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اور جامع پالیسی بنائیں، تاکہ دہشتگردی کو ختم کیا جاسکے اور اسلام کا نام بدنام ہونے سے بچایا جائے، اس واقعے کے خلاف شیعہ علماء کونسل نماز عید کے بعد سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ علامہ کرم الدین واعظی کا کہنا تھا یہ دہشتگرد تکفیری ٹولہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کو اور ان کے مقدسات کو نشانہ بنا رہا ہے، ان انسان و اسلام دشمن عناصر کو معلوم نہیں کہ جس کا محافظ رب کائنات ہو، اُس کو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقیتیں ختم نہیں کر سکتی۔


خبر کا کوڈ: 551216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/551216/اسلامی-سربراہان-مل-بیٹھ-کر-دہشتگردی-کیخلاف-مشترکہ-اور-جامع-پالیسی-بنائیں-علامہ-ناظر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org