QR CodeQR Code

ایبٹ آباد، گاڑی کھائی میں گرنے سے 9 افراد جاں بحق، 5 زخمی

8 Jul 2016 20:37

اسلام ٹائمز: ٹھنڈیانی روڈ پر سیاحوں سے بھری وین گاڑی میں گرنے سے نو افراد جاں بحق ہوئے، جس میں ڈی آئی خان کے ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے سات افراد شامل تھے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بستی ڈیوالہ میں جب ساتوں میتیں ایک ساتھ پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بستی ڈیوالہ میں باران نامی شخص کا خاندان عید کے دنوں میں تفریح کے لیے ملک کے شمالی علاقہ جات کی جانب گیا ہوا تھا کہ ایبٹ آباد میں ان کی ذاتی طور پر ہائیر شدہ فلائنگ کوچ کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث قابو نہ رکھ سکا اور سامنے سے آنے والی موٹرسائیکل سے جا ٹکرایا۔ جس کے نتیجے میں فلائنگ کوچ اور موٹر سائیکل دونوں کھائی میں جا گرے اور ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد بھی جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں بستی ڈیوالہ ڈیرہ اسماعیل خان کے خاندان کے سربراہ باران کی بیوی، بیٹا، بہو، اور دو ننھے پوتے جبکہ باران کے بھائی مینو کی بیوی بھی شامل ہے، واضح رہے کہ بستی ڈیوالہ کا رہائشی باران موٹر سائیکل مکینک ہے، جو حادثہ میں شدید زخمی ہوا، جاں بحق افراد کی نعشیں ایبٹ آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کی گئیں تو ایک ساتھ سات جنازے پہنچنے پر علاقہ میں کہرام برپا ہوگیا۔ بعد ازاں جاں بحق تمام افراد کی نماز جنازہ ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں انکی تدفین کردی گئی۔


خبر کا کوڈ: 551290

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/551290/ایبٹ-آباد-گاڑی-کھائی-میں-گرنے-سے-9-افراد-جاں-بحق-5-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org