0
Saturday 9 Jul 2016 09:13

مدینہ طیبہ کے قریب خودکش دہشت گردانہ حملہ، مزاحمتی اور دینی جماعتوں کی مذمت جاری

مدینہ طیبہ کے قریب خودکش دہشت گردانہ حملہ، مزاحمتی اور دینی جماعتوں کی مذمت جاری
اسلام ٹائمز۔ مدینہ طیبہ کے قریب ہوئے دہشت گردانہ حملہ کو انتہائی بزدلانہ اور وحشیانہ قرار دیتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق، امیر جماعت غلام محمد بٹ، جمعیة اہلحدیث صدر مولانا غلام محمد بٹ المدنی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی، محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر، جموں و کشمیر مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی، ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی نے کہا ہے کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن مقامات مقدسہ کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتا۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ عراق، شام، یمن، افغانستان، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک میں جو صورتحال ہے اور اب جس طرح حرمین شریفین کو نشانہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں ایسے میں اگر مسلم قیادت خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوتی اور آپسی چپقلش اوراختلافات کو بھلا کر حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے متحدہ اقدامات نہیں کرتی تویہ عالم اسلام کی انتہائی بدقسمتی ہوگی۔ ادھر غلام محمد بٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی اس بدترین دہشت گردی کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس بات کے اظہار میں کوئی باک محسوس نہیں کرتی کہ اس وحشیانہ اقدام کے پیچھے اسلام دشمن طاقتوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے جو مسلم امت کو مالی اور جانی نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور دہشت گردی اور انتشاری کارروائیوں کے ذریعے انہیں خوفزدہ کرنا چاہتی ہیں۔

جمعیۃ اہلحدیث کے صدر مولانا غلام محمد بٹ المدنی اور ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے رمضان کریم کے آخری یوم عین وقت افطار پر مدینہ طیبہ میں مسجد نبوی کے باہر ہونے والے خود کش حملے کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مسلمان اس حملے کو فراموش نہیں کرسکتا اور نا ہی حملہ آوروں کی بدبختی کو درکنار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص ،جماعت یا ملک حرمین شریفین کے خلاف ہرزہ سرائی کرے گا یا ان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرے گا دنیا کے مسلمان اس کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹ جائیں گے۔ اس دوران محمد اقبال میر نے کہا کہ کچھ درپردہ طاقتیں مسلمانوں کو آنے والے وقت میں ایک بڑی طاقت کے طور پر د یکھنا نہیں چاہتے ہیں اسلئے وہ مسلکی اور تمدنی بنیادوں پر مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف لڑانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امت مسلمہ کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں کے خلاف ان در پردہ طاقتوں کا آلہ کار نہ بنیں،یہ طاقتیں سنی مسلمانوں کو شیعہ مسلمانوں کے خلاف اور شیعہ مسلمانوں کو سُنیوں کے خلاف مسلکی اختلاف کو ہوا دیکر لڑا رہے ہیں۔ سجاد ایوبی نے کہا کہ تحفظِ ”مکہ و مدینہ“ کے لئے تمام ملت اسلامیہ اپنے لہو کا ایک ایک قطرہ بہانے سے دریغ نہیں کرے گی اور نہ ان مقدس جگہوں کے تقدس اور عظمت پر کوئی آنچ آنے دینے کے ساتھ ساتھ انھیں پامال کرنے کی اسلام دشمن عناصروں کی سازشوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ان شیطانی سوچ رکھنے والے بدعناصروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی نے خودکش حملوں کواسلام دشمنوں کی کارستانی قراردیتے ہوئے کہا کہ اب اسلام دشمن قوتیں اُمت مسلمہ کے مقدس ترین مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کی مکروہ سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن قوتوں نے مدینہ منورہ کی طرف بری نظر ڈالی ہے، اُن قوتوں کو اسلام دشمنوں کی سرپرستی حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 551318
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش