0
Wednesday 16 Feb 2011 19:17

جان کیری کی صدر،وریراعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقات،ڈیوس کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا پیش کیا جا رہا ہے،صدر زرداری

جان کیری کی صدر،وریراعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقات،ڈیوس کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا پیش کیا جا رہا ہے،صدر زرداری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔صدر آصف علی زرداری سے امریکی سینیٹر جان کیری کی ملاقات، صدر کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا پیش کیا جا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری سے امریکی سینیٹر جان کیری نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے جان کیری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ مشکل معاملہ ہے اور اس کے کئی پہلو ہیں، کیس کے حل کے لئے بہت سے پہلوؤں کا جائزہ لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوس کے معاملے میں سب کے جذبات کا احترام کیا جائے۔ اس مسئلے میں دونوں ممالک کے لئے قابل قبول حل کا راستہ نکالنا ہو گا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ڈیوس کا معاملہ بہت پیچیدہ ہے، معاملے کی حساسیت اور سنگینی کے پیش نظر کارروائی کی جائے۔ معاملہ عدالت میں ہے جس کی سماعت کی تاریخ بھی مقرر کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک معاملے کی بنا پر اسٹریٹیجک اور دوستانہ تعلقات کی قربانی نہیں دی جا سکتی۔ امریکی سینیٹر جان کیری کا کہنا تھا کہ مسئلے کو ہوا دینے والوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے، مثبت طرز عمل سے تعلقات کی مضبوطی میں مدد ملے گی۔
ادھر امریکی سینیٹر جان کیری نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ سے ملاقاتوں میں ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ معاملہ عدالت میں ہے وہی فیصلہ کرے گی۔ پاکستان کے دورے پر آئے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری نے اسلام آباد میں وزیراعظم گیلانی اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک امریکا تعلقات خاص طور پر ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ زیر بحث آیا۔ جان کیری نے وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں ریمنڈ ڈیوس کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ریمنڈ ڈیوس ایک سفارتکار ہے اور ویانا کنونشن انیس سو اکسٹھ اور تریسٹھ کے تحت اسے مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریمنڈ کو حراست میں رکھ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔ وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے جان کیری کو بتایا کہ پاکستان میں ٹیکسوں کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ جان کیری نے پاکستانی معیشت کی بہتری کے لئے وزارت خزانہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 55137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش