0
Saturday 9 Jul 2016 19:30
ٹی او آرز پر ڈیڈلاک کا حل ڈھونڈ کر بہتر راستہ تلاش کریں گے

دھرنے مسائل کا حل نہیں، اپوزیشن ملکی تعمیر و ترقی میں ساتھ دے، نواز شریف

جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے تجربہ بھی بڑھتا ہے، وقت کیساتھ ساتھ قوم کی خدمت کا جذبہ بھی بڑھا ہے
دھرنے مسائل کا حل نہیں، اپوزیشن ملکی تعمیر و ترقی میں ساتھ دے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف لندن میں کامیاب ہارٹ سرجری کروا کر 48 دن بعد لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے خصوصی طیارے نے چھ بجکر چھپن منٹ پر لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی۔ وزیراعظم نواز شریف طیارے سے باہر نکلے تو وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف سیڑھیوں پر انہیں لینے پہنچ گئے۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، راجہ ظفر الحق، چودھری نثار، وفاقی و صوبائی وزراء اور نواز لیگ کے دیگر رہنماء بھی وزیراعظم کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے استقبال کیلئے آنے والوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف اس موقع پر ہشاش بشاش نظر آئے اور ایئر پورٹ پر سینیئر صحافیوں کے سوالوں کے بڑے اعتماد کے ساتھ جواب دیئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ پہلے کی طرح فعال ہیں اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ پاناما لیکس کے حوالے سے سوال پر نواز شریف نے کہا دھرنے مسائل کا حل نہیں، اپوزیشن کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہوں، وہ ملکی تعمیر و ترقی میں ساتھ دے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ٹی او آرز پر ڈیڈلاک کا حل ڈھونڈ کر بہتر راستہ تلاش کریں گے۔ وزیراعظم نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب ہمیشہ زندہ رہیں گے، ان کے لئے اعزاز کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزارت عظمٰی کے حوالے سے سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ لندن سے ہی فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں صحت کیلئے دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر لاہور ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ انہیں ہیلی کاپٹر پر جاتی امراء پہنچایا گیا۔ وزیر اعظم اتوار کا دن فیملی کیساتھ گزاریں گے۔ علاوہ ازیں وہ رائے ونڈ میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئے جذبے کے ساتھ پاکستان آیا ہوں، آج بھی پہلے کی طرح فعال ہوں، اپوزیشن بھی ملک کی خدمت کرے، دھرنے مسائل کا حل نہیں۔ وطن واپسی پر وزیراعظم نواز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پر سینیئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری صحت الحمد للہ بالکل ٹھیک ہے، اپوزیشن کو سوچنا چاہیے دھرنے کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب کی ملک کے لئے لازوال خدمت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ہم بھی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کے لئے پیغام ہے کہ دھرنے چھوڑ کر قوم کی خدمت کرے، جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے تجربہ بھی بڑھتا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ قوم کی خدمت کا جذبہ بھی بڑھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 551485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش