0
Wednesday 13 Jul 2016 01:15

عالمی سطح پر امریکہ کا قائدانہ کردار زوال کی طرف گامزن ہے، امریکی تھنک ٹینک

عالمی سطح پر امریکہ کا قائدانہ کردار زوال کی طرف گامزن ہے، امریکی تھنک ٹینک
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق معروف امریکی تھنک ٹینک اور صدر جمی کارٹر دور کے وائٹ ہاوس کے سابق قومی سلامتی کے مشیر زیبگینیو برجینسکی نے خبردار کیا ہے کہ دنیا پر امریکہ کا قائدانہ کردار روز بروز زوال کا شکار ہوتا جا رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ عراق کے خلاف امریکی فوجی جارحیت ہے، جو امریکی سیاست خارجہ میں بہت بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ کی منفرد حیثیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ زیبگینیو برجینسکی نے عراق جنگ کے بارے میں حال ہی میں شائع ہونے والی چیلکاٹ رپورٹ کے بارے میں کہا: "میں اس رپورٹ کی تائید کرتا ہوں۔ میں اس رپورٹ میں بیان شدہ رائے کا حامی ہوں اور عراق کے خلاف جنگ کے وقت بھی میری یہی رائے تھی۔ میری رائے یہ تھی کہ عراق کے خلاف جنگ بیہودہ ہے اور اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ میں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس کافی حد تک معلومات نہیں، لہذا امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے عراق کے خلاف یکطرفہ فوجی کارروائی سے پرہیز کرنا چاہئے۔"

وائٹ ہاوس کے سابق قومی سلامتی کے مشیر نے مزید کہا کہ اس زمانے میں سویڈن کی سربراہی میں بین الاقوامی تحقیقات جاری تھیں اور میرا موقف یہ تھا کہ جب تک ان تحقیقات کے نتائج سامنے نہیں آتے، کسی قسم کا اقدام نہ کیا جائے۔ سویڈن کی ایک انتہائی تعلیم یافتہ، معروف اور آگاہ شخصیت ان تحقیقات کی سرپرستی کر رہی تھی۔ لہذا میں نے کہا کہ جب تک یہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں، کسی قسم کی یکطرفہ کارروائی سے اجتناب کیا جائے۔ اس تحقیقاتی ٹیم کے ارکان میں کسی نے یہ رپورٹ نہیں دی تھی کہ عراق میں جوہری ہتھیار موجود ہیں، کیونکہ واقعاً عراق میں جوہری ہتھیار موجود نہیں تھے۔ زیبگینیو برجینسکی نے کہا کہ ہر ملک بعض اوقات بہت بڑی غلطی کر بیٹھتا ہے اور میری نظر میں عراق پر فوجی حملہ امریکی سیاست میں ایک "بہت بڑی غلطی" تھا۔ میں پہلے بھی اسی موقف کا اظہار کر چکا ہوں، لہذا اب کوئی نئی بات نہیں کر رہا۔

معروف امریکی تھنک ٹینک نے مزید کہا کہ میری نظر میں عالمی سطح پر امریکی حیثیت اور مقام میں تبدیلی کی بنیاد وسیع پیمانے پر رونما ہونے والی تبدیلیوں پر استوار ہے۔ دوسرے الفاظ میں دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر امریکہ کو جو منفرد مقام اور غیر معمولی حیثیت حاصل ہوئی تھی اب وہ باقی نہیں رہی اور تیزی سے زوال پذیر ہو رہی ہے۔ برجینسکی نے کہا کہ امریکہ اب دنیا کی واحد سپرپاور نہیں اور وہ دوسروں پر اپنا ارادہ مسلط کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔ لہذا ہم عالمی تعلقات عامہ کے اعتبار سے انتہائی پیچیدہ صورتحال میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہمیں جلد از جلد نئی صورتحال کو جانچنا ہوگا اور اس کے مطابق اپنی پالیسیوں میں مناسب تبدیلیاں ایجاد کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے حقائق کو درک کرتے ہوئے انہیں تسلیم کرنا پڑے گا۔ ہمیں خاص طور پر چین اور روس سے اپنے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 552160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش