0
Thursday 17 Feb 2011 13:23

لاہور ہائی کورٹ،ریمنڈ ڈیوس کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے کا حکم، جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ پر خون بہا کیلئے دباؤ

لاہور ہائی کورٹ،ریمنڈ ڈیوس کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے کا حکم، جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ پر خون بہا کیلئے دباؤ
لاہور:اسلام ٹائمز-دو افراد کے قتل میں ملوث امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا حاصل ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ آج بھی نہیں ہو سکا۔ وزارت خارجہ نے اس حوالے سے رپورٹ دینے کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے مہلت مانگ لی۔ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری نے کیس پر کارروائی چودہ مارچ تک ملتوی کر دی۔ انہوں نے ریمنڈ ڈیوس کا نام بدستور ای سی ایل میں شامل رکھنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران وفاقی حکومت کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے سفارتکار ہونے سے متعلق جواب دینے کیلئے وزارت خارجہ کو تین ہفتوں کی مہلت دی جائے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار وکلا کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ریمنڈ ڈیوس کا اصل نام کچھ اور ہے۔ جواب میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ امریکی شہری کا نام کچھ بھی ہو، وہ عدالتی تحویل میں ہے اور اس کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔
 ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ویانا کنونشن کے تحت کسی بھی سنگین جرم پر استثنا لاگو نہیں ہوتا۔ مقتولین کے وکیل اسد منظور بٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا کا لیٹر جاری کر کے راتوں رات بیرون ملک بھیج دیا جائیگا۔ ریمنڈ ڈیوس کے دفاع میں کوئی وکیل پیش نہ ہوا نہ ہی امریکی قونصلیٹ یا سفارتخانے کا کوئی افسر عدالت میں موجود تھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
ادھر امریکا نے ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ عدالت سے باہر طے کرنے کی کوششیں تیز کر دیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکی حکام آج ریمنڈ ڈیوس کی گولیوں کا نشانہ بننے والوں کے لواحقین سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن مقتولین کے ورثاء جان کے بدلے جان کے موقف پر قائم ہیں۔ آج نیوز سے بات کرتے ہوئے فیضان کے اہل خانہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی حکومت نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی معاملے پر حکومت کی طرف سے کوئی دباوٴ نہیں ہے۔ فیضان کے رشتہ دار عمران نے کہا کہ مقتول کا خون بہا نہیں چاہتے۔ امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی بندوق کی گولیوں کا نشانہ بننے والے فیضان کے ایک اور رشتہ دار نے کہا کہ شروع سے صرف انصاف کا مطالبہ کیا۔ ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے جاں بحق فہیم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امریکی اہلکار سے قصاص لیں گے نہ اسے معاف کریں گے۔ مقتولین کے ورثاء نے کہا کہ ایسا کوئی مطالبہ نہیں کریں گے جس سے ملک و قوم کی عزت داؤ پر لگ جائے۔

خبر کا کوڈ : 55218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش