0
Wednesday 13 Jul 2016 17:16

نواز شریف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان

نواز شریف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف پاکستان کا سخت ردعمل آنا ضروری ہے، پانامہ لیکس کا معاملہ دنیا میں مشکلات پیدا کرنے کیلئے کیا گیا، ملک میں کوئی مسئلہ، کوئی ہیجان نہیں، سب خیر خیریت ہے، مارشل لاء کو دعوت دینا آئین سے بغاوت ہے، ایسی حرکتیں فوج اور راحیل شریف کو متنازع بنانے کی کوشش ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے جاتی امراء رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران پانامہ لیکس اور ٹی او آرز کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹی او آرز میں کسی ایک شخصیت کو نشانہ نہیں بننے دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اور حکومت کی بھی خواہش ہے کہ احتساب صاف و شفاف ہو، ٹی او آرز کیلئے اپوزیشن سے رابطوں کی ہدایت کر دی ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور ابھی وہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق چل رہے ہیں، دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت یاب کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں حریت کانفرنس اور سنی اتحاد کونسل کے قائدین تشریف لائے تھے اور کشمیر کے معاملے پر بات چیت ہوئی تھی جس سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر کشمیری عوام اور مجاہدین پر بھارتی فوجی اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے بربریت پر پاکستان کا ایک مضبوط ردعمل آنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی اس پر اتفاق کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم قدم قدم پر کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور بھارتی جارحیت، سفاکانہ عمل اور درندگی پر بھرپور احتجاج نوٹ کرائیں گے اور کشمیریوں کو یہ اطمینان دلائیں گے کہ حصول آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں پر پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ ہے اور مل کر آزادی کی منزل حاصل کرنی ہے۔ پانامہ لیکس سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ دنیا میں مشکلات پیدا کرنے کیلئے کیا گیا، امریکہ پوری دنیا میں دہشتگردی کیخلاف جنگ کے نام پر اپنی فوجیں پھیلا رہا ہے اور سازشیں کر رہا ہے، پانامہ لیکس بھی ایک سازش کے تحت ہی کیا گیا ہے، اس معاملے پر پوری دنیا میں ہی خاموشی ہے اور ملک میں بھی سب خیر خیریت ہے کوئی ہیجان نہیں۔ جنرل راحیل شریف سے متعلق پوسٹرز کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے امن کے قیام میں اہم کردر ادا کیا ہے اور قیام امن سے جنرل راحیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، مارشل لاء کو دعوت دینا آئین سے بغاوت ہے اور ایسی حرکتیں فوج اور راحیل شریف کی حیثیت کو متنازع بنانے کی کوشش ہے، یہاں سیاسی پوائنٹ سکور کرنے کیلئے ماحول گرمایا جا رہا ہے، غیر جمہوری قوتوں کی کمر مضبوط کرنا درست نہیں بلکہ اداروں پر اعتماد کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 552370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش