0
Wednesday 13 Jul 2016 18:13

کشمیری ہمارا حصہ ہیں، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، اعجاز ہاشمی

کشمیری ہمارا حصہ ہیں، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانا، اب بھارتی فوج اور حکومت کے بس کی بات نہیں، عالمی برادری کو جاگنا چاہیے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی انسانی اور جمہوری حق ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کو اپنا کردار کھل کر ادا کرنا چاہیے، وزارت خارجہ کی مختلف ممالک کے سفیروں کو بریفنگ خوش آئند ہے، حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے ذریعے دنیا کو پیغام دے کہ کشمیری ہمارا حصہ ہیں، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ کشمیریوں کی طرف سے پاکستانی پرچم لہرانے اور فوج کے سامنے مزاحمت پر عالمی ضمیر خاموش کیوں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو بھی صرف عرب ممالک کے تحفظ کیلئے متنازع بننے کی بجائے امت مسلمہ کے مسائل میں بھی دلچسپی لینی چاہیے، کشمیر پر مسلم ممالک کا کردار مایوس کن ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ کشمیری رہنما برہان وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں امن و امان کے حوالے سے خراب صورتحال کا تقاضا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل پر توجہ دی جائے، تمام کشمیری تنظیمیں اور پاکستانی قیادت اس وقت یک زبان ہوکر کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے رہنماوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر کی نظر بندی ختم کرنے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں دورہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اور انسانی اقدار سے عاری بھارتی حکومت کو کشمیری جدوجہد سے سبق حاصل کرنا چاہیے کہ وہ 68 سال بعد بھی آزادی کی تحریک کو دبانے میں ناکام رہی ہے، اب اسے حقوق دینا ہی ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 552382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش