0
Wednesday 13 Jul 2016 14:10

داعش کا شیرازہ بکھر چکا، موصل کی آزادی کیلئے آپریشن تیزی سے جاری ہے، حیدر العبادی

داعش کا شیرازہ بکھر چکا، موصل کی آزادی کیلئے آپریشن تیزی سے جاری ہے، حیدر العبادی
اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن میں عراقی افواج بڑی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں اور داعش کو زبردست نقصان پہنچایا گیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے بغداد میں کابینہ کی میٹنگ میں بتایا ہے کہ موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن میں عراقی افواج بڑی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ داعش کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بتایا کہ القیارہ میں داعش کے سینکڑوں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ انھوں نے بتایا کہ اسی طرح فلوجہ کے نزدیک بھی داعش کے سینکڑوں دہشت گرد مارے گئے۔ عراق کے وزیراعظم نے بتایا کہ بغداد کے علاقے الکرادہ اور البلد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد صحرائے الانبار میں داعش کے ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ الکرادہ کے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد افواہیں پھیلا کر تکفیری دہشت گرد گروہ داعش، موصل کو آزاد کرانے کے آپریشن کو رکوانا چاہتا تھا، لیکن اپنے اس مقصد میں ناکام رہا ہے۔

عراقی وزیراعظم نے اسی کے ساتھ ملک کی سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو باقی رکھیں اور فلوجہ اور موصل سیکٹر پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کے تحفظ کے ساتھ ہی ملک کو داعش کے وجود سے پوری طرح پاک کرنے کے آپریشن میں بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ ادھر عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج موصل کی جانب بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ اسی کے ساتھ حکومت عراق نے افراتفری اور کشیدگی پھیلانے والے اقدامات سے پرہیز کی ضرورت پر بھی تاکید کی ہے۔ وزیراعظم حیدرالعبادی کے دفتر نے ایک بیان جاری کرکے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے ہر اقدام سے پرہیز کریں، جس سے ملک میں اختلاف، افراتفری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہو۔ حکومت عراق نے عوام سے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی فوج اور سکیورٹی دستوں کے ساتھ تعاون پر مبنی اپنی تاریخی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور ان پر عمل کریں۔
خبر کا کوڈ : 552458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش