QR CodeQR Code

آئی ایس او طالبات کا یوم انہدام جنت البقیع پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

14 Jul 2016 00:51

اسلام ٹائمز: احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے میں مقررین نے کہا کہ آل سعود کے ہاتھوں اہل بیت اطہارؑ اور صحابہ کرامؓ کے مزارات کو منہدم کرنا دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی ہے، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پس پردہ عناصر آل سعود خاندان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ طالبات کے زیر اہتمام آٹھ شوال یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں طالبات اور خواتین سمیت بچیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، آل سعود کی دہشتگردی مردہ باد، جنت البقیع اور جنت المعلٰی میں موجود اہل بیت رسول (ص) اور صحابہ کرام (رض) کے مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ اور حالیہ دنوں جدہ اور مدینہ منورہ میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کا ذمہ دار آل سعود کو قرار دیا گیا تھا، جبکہ شرکاء نے سروں پر سرخ اور سبز رنگ کی پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر لبیک یارسول اللہ، لبیک یا زہرا، لبیک یا زینب، لبیک یامہدی اور لبیک یاحسین کے نعرے آویزاں تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی اور آئی ایس او پاکستان شعبہ طالبات کی مرکزی صدر گل زہرا نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے مردہ باد امریکا اور اسرائیل نامنظور سمیت آل سعود کی دہشتگردی کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے، جبکہ آخر میں امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا باقر زیدی نے کہا کہ آل سعود نے 1925ء میں اہل بیت رسول (ص) اور جلیل القدس صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کو منہدم کرکے جس دہشت گردی کا آغاز کیا تھا، آج اسی دہشتگردی کے تحت آل سعود کعبة اللہ اور روضہ رسول اکرم (ص) کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں، آل سعود کے ہاتھوں اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے مزارات کو منہدم کرنا دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پس پردہ عناصر آل سعود خاندان ہے، جو اقتدار کی ہوس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو بھی داﺅ پر لگا چکے ہیں، حالیہ دنوں شاہی خاندان میں جاری جھگڑوں کا ملبہ جدہ اور مدینہ جیسے مقدس مقامات پر بم دھماکے کرکے پوری مسلم امہ پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان بیدار ہیں اور آل سعود کو دوبارہ تاریخ نہیں دہرانے دیں گے، کعبة اللہ اور روضہ رسول (ص) کیلئے ملت جعفریہ کا بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کیلئے تیار ہے۔ مولانا باقر زیدی نے حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلٰی میں ازواج رسول اکرم (ص) اور اہل بیت رسول (ص) سمیت صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 552463

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/552463/آئی-ایس-او-طالبات-کا-یوم-انہدام-جنت-البقیع-پر-کراچی-پریس-کلب-کے-باہر-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org