0
Friday 15 Jul 2016 04:30

فرانس میں جشن آزادی پر داعش کی دہشتگردی، 84 افراد ہلاک، 120 سے زائد زخمی

فرانس میں جشن آزادی پر داعش کی دہشتگردی، 84 افراد ہلاک، 120 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ فرانس کے ساحلی شہر نیس میں ایک شخص نے ٹرک ہجوم پر چڑھا دیا، قومی دن کی تقریبات منانے والے خون میں نہلا دیئے گئے، جشن آزادی ماتم کدہ بن گیا، 84 افراد ہلاک، 120 سے زائد زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی حکام نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق فرانس کے قومی دن کا جشن منانے کے لئے لوگ بڑی تعداد میں جمع تھے، ٹرک سے کچلنے والے شخص نے فائرنگ بھی کی، جسے پولیس نے جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق ٹرک سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ داعش نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ٹرک ڈرائیور کی شناخت کرلی گئی، وہ پولیس کو مطلوب تھا۔ صدارتی آفس کے مطابق واقعے کے بعد صدر فرانسوا اولاند جنوبی شہر ایوگنان سے پیرس گئے ہیں۔ صدر اولاند کرائسس سیل میں واقعے سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سال جنوری میں پیرس حملوں کے بعد فرانس میں ایمرجنسی نافذ ہے، فرانسیسی صدرنے 26 جولائی کو ایمرجنسی اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ صدر اوباما نے حملے کی مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما کو نیس واقعے پر بریفنگ دی گئی۔ صدر اوباما کو نیشنل سکیورٹی ٹیم بدلتی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق فرانس کا ساحلی شہر نیس ممکنہ دہشتگردی کا نشانہ بن گیا، تیز رفتار ٹرک قومی دن کی تقریب کےدوران شرکاء پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک جبکہ 120 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، امدادی کارروائیاں اور تحقیقات جاری ہیں۔ فرانس میں اس بار ساحلی شہر نیس نشانہ بنا، جہاں سمندر کنارے بریسٹل ڈے کی تقریب جاری تھی، آتش بازی کے دوران سفید رنگ کا تیز رفتار ٹرک شرکا پر چڑھ گیا، جس سے درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ٹرک کی رفتار ساٹھ سے ستر کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جس نے تقریباً دو کلومیٹر تک لوگوں کو روند ڈالا، اطلاعات کے مطابق ٹرک پر سوار حملہ آور نے فائرنگ بھی کی، واقعے میں درجنوں افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق ٹرک ڈرائیور تیونسی نژاد فرانسیسی تھا۔ واقعے کے بعد سیاحوں نے قریبی عمارتوں اور ہوٹلوں میں پناہ لی، نیس کے میئر نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ٹرک ڈرائیور مارا گیا، ٹرک سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں دہشتگردی کے شبے پر بھی جانچ کی جا رہی ہے، پتہ لگایا جا رہا ہے کہ حملہ آور اکیلا تھا یا اسکے ساتھ کچھ اور لوگ بھی تھے، جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 552729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش