QR CodeQR Code

کشمیر کی تحریک آزادی کے جذبے کو دبایا نہیں جاسکتا، ملیحہ لودھی

15 Jul 2016 07:06

اسلام ٹائمز: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کے موضوع پر خصوصی کانفرنس میں ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد واقعات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار سرگرم رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مظالم پر سخت مذمت کی اور سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کے موضوع پر خصوصی کانفرنس میں ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد واقعات کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ ہندوستان نے اب تک کشمیریوں کی خودارادیت کو تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے ہندوستانی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار سرگرم رکھا ہے، جس میں خواتین کے ساتھ زیادتیوں، تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے کے واقعات عام شامل ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کشمیر میں علیحدگی پسند رہنما برہان وانی کی ہلاکت کو ’کشمیری رہنما کا ماورائے عدالت قتل‘ قرار دیا۔

پاکستانی میڈیا کو موصول ہونے والے تقریر کی دستاویزات کے مطابق ملیحہ لودھی نے کہا کہ حال ہی میں کشمیر میں حزب المجاہدین کے رہنما سمیت بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت ہندوستانی سکیورٹی فورسز کی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی ہندوستانی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں مسلسل مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فورسز کی فائرنگ سے اب تک 34 بے گناہ کشمیری ہلاک اور 1500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہندوستان سلامتی کونسل کی قراردادوں اور مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، کئی بار کشمیریوں سے کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کے ذریعے حل کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا لیکن مسئلہ کشمیر کا تنازع ابھی تک جوں کا توں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوجیوں کے مظالم کے باوجود کشمیریوں کی غیر ملکی تسلط سے آزادی کی جنگ جاری ہے اور ہندوستان کشمیریوں کے آزادی کی تحریک کو جذبے کو دبانے میں ابھی تک ناکام رہا۔ ملیحہ لودھی نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت کے بغیر معاشی، سماجی اور سیاسی حقوق پورے نہیں کیے جاسکتے اور مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی 68 سال قبل منظور کی گئی قرارداد پر عمل سے ہی ممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 552732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/552732/کشمیر-کی-تحریک-ا-زادی-کے-جذبے-کو-دبایا-نہیں-جاسکتا-ملیحہ-لودھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org