QR CodeQR Code

کراچی سمیت تمام بڑے شہروں کی اہم شاہراوں پر اتوار کے روز مظاہرے ہونگے، خانم زہرا نقوی

16 Jul 2016 18:26

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان کے پانچ کروڑ تشیع کی یہ تضحیک ناقابل برداشت ہے، حکومت کے اس ناروا رویہ کے خلاف پورے عزم سے میدان میں نکلنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل خانم زہرا نقوی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر 17 جولائی بروز اتوار ملک کے تمام بڑے شہروں میں خواتین کے احتجاجی پروگرام منعقد ہوں گے۔ کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، فیصل آباد اور آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں میں پروگراموں کے بھرپور انعقاد کے لئے حتمی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور ریاستی جبر کے خلاف مختلف شہروں کی مرکزی اور مصروف شاہراوں پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیرت زینب سلام اللہ علیہ کی پیروکار ہیں، طاغوتی و استکباری طاقتیں ہماری حق کی آواز کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں، ہم حسینیت کا پرچم لے کر نکلی ہیں، اب ظالم و جابر حکمرانوں کا اصل چہرہ آشکار ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وطن کو ہمارے آبا و اجداد نے قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا، آج اسی سرزمین کو ہم پر تنگ کیا جا رہا ہے، ہمارے نوجوان اور باصلاحیت لوگوں کو چن چن کر قتل کرنے والے مذموم عناصر پر قابو پانا اگر حکومت کی دسترس میں نہیں تو پھر حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا بددیانتی اور ظلم ہے۔

خانم زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی اور حکومتی مظالم جیسی دوہری اذیتوں کا سامنا ہے، ہمارے افراد کو نیشنل ایکشن پلان کے نام پر قید و بند کی صعوبتیں سہنی پڑ رہی ہیں، حکومت واضح کرے کہ یہ قانون دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بنا تھا یا کہ ملت تشیع سے انتقام لینے کے لئے، پاکستان میں بسنے والے تمام افراد کو مساوی حقوق حاصل ہیں، مکتب تشیع کے ساتھ کسی قسم کے غیر انسانی سلوک کو قبول نہیں کیا جائے گا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لیکن حکومت کی طرف بے جا ہٹ دھرمی اور بے حسی کا مسلسل اظہار یہ ثابت کر رہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس عوام کے مسائل سننے کا وقت نہیں، حکومت کی جانب سے پاکستان کے پانچ کروڑ تشیع کی یہ تضحیک ناقابل برداشت ہے، حکومت کے اس ناروا رویہ کے خلاف پورے عزم سے میدان میں نکلنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، ہماری یہ جدوجہد پرامن پاکستان کے لئے ہے، جو مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 553151

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/553151/کراچی-سمیت-تمام-بڑے-شہروں-کی-اہم-شاہراوں-پر-اتوار-کے-روز-مظاہرے-ہونگے-خانم-زہرا-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org