0
Saturday 16 Jul 2016 23:03

عوامی شکایات کے ازالے کیلئے پختونخوا حکومت نے سٹیزن پورٹل سائٹ لانچ کردی

عوامی شکایات کے ازالے کیلئے پختونخوا حکومت نے سٹیزن پورٹل سائٹ لانچ کردی
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سے سرکاری محکموں میں عوام الناس کی تکالیف کے ازالے کیلئے "کے پی سیٹیزن پورٹل" کے نام سے ویب سائیٹ لانچ کی گئی ہے۔ جس سے ان کے مسائل کے حل میں کافی حد تک کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں سرکاری محکموں کے افسران کو چیف سیکرٹری کی ہدایت پر قائم ہونے والی سیٹزن پورٹل سائٹ کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ، ایکسین پبلک ہیلتھ، محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، ٹی ایم اے ڈیرہ، لوکل گورنمنٹ کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان نے اس موقع پر سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی طرف سے درج شکایات کے حل میں خصوصی دلچسپی لے کر ریٹنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، ویب سائٹ لانچ کرنے کا مقصد لوگوں میں پائے جانے والی شکایات سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کا بروقت تدارک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن محکموں کے خلاف زیادہ شکایات ہیں، وہ اپنی کارکردگی پر خصوصی توجہ دیں اور عوامی مسائل کے بروقت اور معیاری حل سے اپنی فرض شناسی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ منعقدہ آئندہ اجلاس میں سرکاری محکموں کے خلاف درج شکایات اور جس حد تک انکا تدارک کیا گیا ہے، کے سلسلے میں بحث ہو گی، جس سے سرکاری محکموں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ اجلاس کے دوران افسران و نمائندوں کی طرف سے بھی کے پی سیٹیزن پورٹل سے متعلق بھی کئی سوالات اٹھائے گئے، تاہم ان سوالات کے جوابات متعلقہ فوکل پرسن نے بریفنگ کے دوران واضع کیے۔ جس پر افسران نے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 553206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش