0
Sunday 17 Jul 2016 22:21

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں علامہ ناصر عباس کی حمایت میں خواتین کی ریلیاں اور مظاہرے

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں علامہ ناصر عباس کی حمایت میں خواتین کی ریلیاں اور مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیراہتمام ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور علامہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات کی حمایت کی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کی طرف سے بھی نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ ٹارگٹ کلنگز، تکفیریت اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے زارا حیدر، رخسانہ گوہر، گل زہرا اور قندیل کاظمی کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور بدامنی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، جس کی نااہلی کے باعث ملک کا ہر فرد خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ہمارے بےگناہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمارے باصلاحیت، پڑھے لکھے اور ہنرمند افراد کو چن چن کر شہید کیا جا رہا ہے۔ کالعدم مذہبی جماعتوں کو حکومت کی مکمل آشیر باد حاصل ہے، جس کے باعث وہ ملک میں دندناتی پھر رہی ہیں۔ عدلیہ سمیت ملک کے دیگر مقتدر اداروں کی طرف سے ان واقعات پر مسلسل خاموشی ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے۔

خواتین مقررین نے کہا کہ جب ریاست بےگناہوں کو پابند سلاسل کرنے لگے اور جرائم پیشہ افراد کو رعایت دینے لگے تو پھر ملک میں عدل و انصاف کی بجائے اختیارات کی حاکمیت سمجھی جاتی ہے۔ اس وقت وطن عزیز کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔ اس غیر منصفانہ طرز عمل کے خلاف علامہ ناصر عباس نے اپنی آواز بلند کی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کو 68 روز بیت چکے ہیں، اس معاملے میں حکومت کی عدم توجہی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک و ملت کے لئے علامہ ناصر عباس کی مخلصانہ جدوجہد لائق تحسین ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ملت تشیع پر ہونے والے مظالم سے نہ صرف اقوام عالم کو آگاہ کیا بلکہ ایک طویل اور پُرامن احتجاج کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے شیعہ پرتشدد سیاست کے خلاف ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے آئینی و قانونی راہ کو ہی بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ماہ میں ملک کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اپنے اعلٰی سطح وفود کے ہمراہ احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے علامہ ناصر عباس کے مطالبات کو آئینی و اصولی قرار دے چکے ہیں۔ علامہ ناصر عباس کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے، اس کے باوجود حکومت دانستہ طور پر غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے، جو حکومتی ذمہ داریوں اور اخلاقی قدروں کے منافی ہے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کے مطالبات کی منظوری تک ہمارے احتجاج میں کمی نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 553446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش