0
Monday 18 Jul 2016 21:26

صوابی میں اے این پی کے رہنما فائرنگ سے ہلاک

صوابی میں اے این پی کے رہنما فائرنگ سے ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے سابق ایم پی اے اور طالبان مخالف امن کمیٹی کے رہنما محمد شعیب خان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔ مقتول کی نماز جنازہ پیر کی صبح صوابی میں ادا کر دی گئی ہے۔ صوابی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات صوابی کے علاقے یارحسین میں پیش آیا۔ یار حسین پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار فھیم خان نے میڈیا کو بتایا کہ محمد شعیب خان اپنے حجرے میں بیھٹے ہوئے تھے کہ اس دوران ایک مسلح شخص نے اندر داخل ہوکر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انھیں پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوار دو تھے جو موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ مقامی انتظامیہ نے اے این پی کے رہنما کی قتل کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے تاہم ابھی تک کسی تنظیم کی جانب سے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔ دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی نے سابق ایم پی اے کے قتل پر صوبہ بھر میں دس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ مقتول محمد شعیب خان کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سرگرم رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ صوبائی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے تھے جبکہ وہ صوابی میں طالبان مخالف امن کمیٹی کے سرگرم رہنما بھی تھے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اے این پی کے رہنما اور کارکن گذشتہ تقریباً چھ سالوں سے شدت پسندوں کے حملوں زد میں رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 553700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش