0
Friday 18 Feb 2011 21:27

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے امریکی دباؤ جاری رہا تو ملک بھر میں امریکی سفارتخانوں کا گھیراؤ کریں گے،مجلس وحدت مسلمین

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے امریکی دباؤ جاری رہا تو ملک بھر میں امریکی سفارتخانوں کا گھیراؤ کریں گے،مجلس وحدت مسلمین
کراچی:اسلام ٹائمز-امریکی جاسوس اور تین پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے امریکی دباؤ جاری رہا تو ملک بھر میں امریکی سفارتخانوں کا گھیراؤ کریں گے، عدلیہ قومی وقار و عزت اور قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے منصفانہ حکمت عملی اپنائے اور پنجاب حکومت امریکی حکمرانوں سے سازباز سے گریز کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں مولانا صادق رضا تقوی اور علی اوسط نے جمعہ کے روز خوجہ مسجد کھارادر کے باہر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس کی اپیل پر ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکی جاسوس دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ مملکت پاکستان میں امریکی وصہیونی دہشت گرد کھلم کھلا کاروائیاں انجام دے رہے ہیں جو ملکی و قومی سلامتی کے لئے شدید خطرہ ہیں انہوں نے کہا کہ ملت پاکستان امریکی و صہیونی ایجنٹوں کو سرزمین پاکستان پر سازشیں نہیں کرنے دے گی اور حکومت بھی بلیک واٹر دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے مضبوط مؤقف اپنائے، پوری قوم حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور تین پاکستانی شہریوں کے قاتل ڈیوس کی رہائی کے حوالے سے کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو امریکا کے دنیا بھر میں کمزور ہونے والے تسلط سے سبق حاصل کر لینا چاہئیے۔ تیونس اور مصر سمیت عالم اسلام میں پیدا ہونے والی بیداری، امریکی فرعونیت کی تباہی کا باعث بن کر ابھر رہی ہے اور دنیا بہت جلد تیونس اور مصر کے بعد اب مراکش، بحرین، یمن اور سعودی عربیہ کی امریکی غلام حکومتوں کے خلاف بھی عظیم انقلاب کا مشاہدہ کرے گی، جو امریکی وصہیونی حکومتوں کی نابودی کا باعث ہو گا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ بلیک واٹر دہشت گرد امریکی جاسوس اور تین معصوم پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کے خلاف پاکستان کے قانون کے تحت کاروائی کی جائے اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، حکومت امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے قومی عزت ووقار کو ملحوظ خاطر رکھے، پاکستان کے غیور عوام قومی خود مختاری پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب امریکی حکمرانوں سے سازباز کرنے سے باز رہیں، ورنہ حکمرانوں کے لئے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے زبردست نعرے لگائے جبکہ امریکی و صہیونی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

خبر کا کوڈ : 55381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش