QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، عیدالفطر پہ نوجوان کو ذبح کرنیوالے 2 سفاک قاتل گرفتار

20 Jul 2016 17:20

اسلام ٹائمز: سترہ سالہ محمد ارشد کی گلا کٹی لاش تالاب کے قریب سے ملی تھی، پولیس نے تلاش بسیار کے بعد بالآخر دو قاتل بھائیوں کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے معمولی تلخ کلامی پر ارشد کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تیز دھار آلے سے اس کا گلا کاٹ دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں عید الفطر کے دوسرے روز محمد ارشد نامی نوجوان کو ذبح کرنے والے سفاک قاتل ڈی آئی خان پولیس نے گرفتار کر لئے ہیں۔ محمد ارشد نامی 17 سالہ نوجوان عید کے دوسرے دن حسب معمول بکریاں چرانے کی غرض سے صبح سویرے گھر سے نکلا۔ شام کے وقت بکریاں واپس آئیں مگر ارشد نہیں آیا تھا۔ اہل علاقہ نے تلاش شروع کی تو محمد ارشد کی ہاتھ پیر بندھی اور گلا کٹی لاش تالاب کے قریب سے ملی تھی، جبکہ قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔ پہاڑ پور پولیس نے انتھک محنت کے بعد سفاک قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ عبدالحکیم اور گلاب خان نامی دونوں قاتل آپس میں بھائی ہیں اور شمالی وزیرستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں کے اقبال جرم کے بعد ڈی پی او نے بھی تفتیش کی۔ ڈی پی او اور اہل علاقہ نے ایس ایچ او سیف الرحمن کی کارکردگی کو سراہا ہے اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 554224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/554224/ڈی-ا-ئی-خان-عیدالفطر-پہ-نوجوان-کو-ذبح-کرنیوالے-2-سفاک-قاتل-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org