0
Thursday 21 Jul 2016 01:04
ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد 3 ماہ کیلئے ایمرجنسی نافذ

ناکام بغاوت میں ملوث فتح اللہ گولن کو ترکی کے حوالے نہ کرنا امریکہ کی بہت بڑی غلطی ہوگی، رجب طیب اردوغان

فوجی بغاوت کی کوششیں ختم نہیں ہوئیں، ایسی مزید کوششیں ہوسکتی ہیں
ناکام بغاوت میں ملوث فتح اللہ گولن کو ترکی کے حوالے نہ کرنا امریکہ کی بہت بڑی غلطی ہوگی، رجب طیب اردوغان
اسلام ٹائمز۔ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد 3 ماہ کے لئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ صدر طیب اردوغان کہتے ہیں کہ ناکام بغاوت میں ملوث فتح اللہ گولن کو ترکی کے حوالے نہ کرنا امریکہ کی بہت بڑی غلطی ہوگی۔ بغاوت کے پیچھے دیگر ممالک کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ترکی میں گذشتہ ہفتے ناکام بغاوت کے بعد نیشنل سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد خطاب میں صدر طیب اردوغان نے کہا کہ بغاوت میں ملوث عناصر سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ تاہم جمہوریت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ گولن تحریک سے نمٹنے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے، آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج حکومت کے ماتحت ہیں، وہ حکومتی احکامات کے تابع ہیں۔ یورپی ممالک کو کوئی حق نہیں کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کریں۔ بحیثیت صدر اور کمانڈر انچیف فوج میں موجود وائرس کی صفائی کیلئے کام کروںگا۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے اعداد و شمار ترک معیشت کے حقائق کی عکاسی نہیں کرتے۔ ہم اپنے مالیاتی نظم و ضبط کو ترک نہیں کریں گے، معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس سے پہلے عرب ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ترک صدر طیب اردوغان نے کہا کہ گذشتہ ہفتے ناکام بغاوت کے بعد امریکی صدر باراک اوباما نے ٹیلی فون کرکے انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے، جبکہ نیٹو نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکام بغاوت کے پیچھے دیگر ممالک کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کسی ملک کا نام لینے سے گریز کیا۔ فوجی بغاوت کی کوششیں ختم نہیں ہوئیں، ایسی مزید کوششیں ہوسکتی ہیں۔ ترک صدر نے ملک میں جمہوریت کو خطرات اور آمرانہ نظام سے متعلق خیالات کو مسترد کیا۔ باغیوں نے بغاوت کے دوران پارلیمنٹ، صدارتی محل، سرکاری دفاتر اور لوگوں پر بم برسائے اور اپنے ہی لوگوں پر ٹینک چڑھائے۔ طیب اردوغان نے کہا کہ ترک عوام نے باغیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 554362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش