0
Friday 22 Jul 2016 22:56

پاکستان کا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پاکستان کا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ طاقت کا بےدریغ استعمال کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ کوئی مہذب معاشرہ اس کی اجازت نہیں دے سکتا۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح کر دیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو اندرونی معاملہ قرار دینا حقیقتاً غلط ہے، بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز سمیت اعلٰی حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور معصوم اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بہیمانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو اندرونی معاملہ قرار دینا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے، کشمیر میں جاری جدوجہد کشمیریوں کی اپنی اور قانونی ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا، اجلاس میں اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل سے رابطے کا فیصلہ اور او آئی سی سے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھجوانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے، اجلاس کے شرکاء نے آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا اور ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے غیرملکی خفیہ اداروں اور دشمن ممالک کی سازشوں کو ناکام بنانے پر فوج اور انٹیلی جنس اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر بارڈر منیجمنٹ سسٹم ہر قیمت پر نافذ کیا جائےگا۔
خبر کا کوڈ : 554734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش