0
Saturday 23 Jul 2016 10:22

کرپشن کرنیوالوں سے حساب لیں گے، راجہ فاروق

کرپشن کرنیوالوں سے حساب لیں گے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق خان نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے، انتخابات میں کامیابی وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی قیادت کی مرہون منت ہے، عوام نے پیپلزپارٹی کی پانچ سالہ کرپشن اور ظلم و ستم کو مسترد کر دیا ہے، کامیابی پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وہ جمعہ کے روز مظفر آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا مظفرآباد آنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعظم کی کشمیری عوام سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں عوام نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے صحت یاب ہونے کے بعد سب سے پہلے آزاد کشمیر کا دورہ کیا ہے، نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔ راجہ فاروق خان نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی پر کارکنوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، یہ انتخابات آزادکشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ایک جسٹس کو بھی شناختی کارڈ نہ ہونے پر ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گذشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے، کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کیے رکھا، عوام نے پیپلزپارٹی کو مسترد کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں جس نے انتخابات کیلئے آزادکشمیر میں فوج تعینات کی، فوج نے آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کو یقینی بنایا۔ اب آزاد کشمیر میں تعمیروترقی کا نیا دور شروع کریں گے، کرپشن کرنے والوں سے حساب لیں گے، میرٹ پامال نہیں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 554771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش