QR CodeQR Code

وزیر داخلہ سندھ کے بھائی کے فرنٹ مین اسد کھرل کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

23 Jul 2016 13:30

اسلام ٹائمز: اسد کھرل کو وزیر داخلہ سندھ کے بھائی طارق سیال سمیت دیگر اہم شخصیت کے فرنٹ مین کے طور پر جانا جاتا ہے، رینجرز نے لاڑکانہ میں اسد کھرل کو اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا، لیکن بااثر شخصیات کے نجی گارڈز اور پولیس کی مدد سے ملزم کو رینجرز کی حراست سے چھڑا لیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کی سیاسی شخصیات کے فرنٹ مین اسد کھرل کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی اہم سیاسی شخصیات سمیت وزیر داخلہ سندھ کے بھائی طارق سیال کے فرنٹ مین اسد کھرل کو سکھر میں تھرڈ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ آدرش انور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اسد کھرل کو شکار پور میں اسنیپ چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا، اور گرفتاری کے وقت اسد کھرل کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اسد کھرل کے خلاف ایس ایچ او خالد میمن کی مدعیت میں 2 مقدمے درج کئے گئے ہیں، جن میں ناجائز اسلحہ رکھنے اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔ عدالت نے اسد کھرل کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دے کر سینٹرل جیل سکھر بھیج دیا، اور اب ملزم کو 4 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملزم اسد کھرل کو سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال سمیت دیگر اہم شخصیت کے فرنٹ مین کے طور پر جانا جاتا ہے۔ رینجرز نے لاڑکانہ میں اسد کھرل کو اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا، لیکن بااثر شخصیات کے نجی گارڈز اور پولیس کی مدد سے ملزم کو رینجرز کی حراست سے چھڑا لیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 554835

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/554835/وزیر-داخلہ-سندھ-کے-بھائی-فرنٹ-مین-اسد-کھرل-کو-14-روزہ-جوڈیشل-ریمانڈ-پر-جیل-بھیج-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org