0
Saturday 23 Jul 2016 17:21

مودی سرکار نے کشمیریوں پر مظالم میں ہلاکو اور چنگیز خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، حافظ سعید

مودی سرکار نے کشمیریوں پر مظالم میں ہلاکو اور چنگیز خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃ الدعوة حافظ محمد سعید نے شدید کرفیو کی وجہ سے بدترین غذائی قلت کا شکار کشمیریوں کی ہر ممکن امداد کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں تک راشن، ادویات اور دیگر اشیاء پہنچانے کیلئے ہر ممکن وسائل اور ذرائع استعمال کریں گے، جماعۃ الدعوة اس سلسلہ میں عملی شکل ترتیب دے چکی، پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کیساتھ دل کھول کر تعاون کرے۔ حافظ سعید کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ہلاکو اور چنگیز خاں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، انڈیا کو آزادی کشمیر کی صورت میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر دی گئی ہے، 2 ہفتوں سے پورے کشمیر میں کرفیو ہے، ہر طرف قتل و غارت گری کا ماحول ہے، لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور بچوں کیلئے دودھ تک نہیں مل رہا، کشمیریوں کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے، یہ سب کچھ سرکاری سرپرستی میں اس لئے کیا جا رہا ہے کہ کشمیری مسلمان بے بس ہو جائیں اور تحریک آزادی چھوڑ کر بھارت کے سامنے سرنڈر کرکے کہیں کہ ہمیں کھانے کیلئے کچھ دو۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں تک کھانے پینے کی اشیاء پہنچائیں، اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی پر امریکہ و یورپ سمیت حقوق انسانی کے نام نہاد علمبردار اداروں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، پیلٹ گنوں جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں، زہریلی آنسو گیس کے استعمال سے لوگ سینے کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں اور جلد کی بیماریاں پھیل رہی ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس بدترین دہشتگردی کے ارتکاب پر بھی اقوام متحدہ سمیت کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، پوری پاکستانی قوم کو چاہیے کہ وہ مصائب و مشکلات میں مبتلا کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 554893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش