0
Monday 25 Jul 2016 17:53

عمران خان کا خیبر پختونخوا میں تمام صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان

عمران خان کا خیبر پختونخوا میں تمام صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم اب جو کرنے جا رہے ہیں، وہ کسی صوبے میں نہیں ہوا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام صوابدیدی فنڈز آج سے ختم ہو رہے ہیں۔ صوبے کے اندر اب کوئی صوابدیدی فنڈ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں صوابدیدی فنڈز سے لوگوں کو خریدا گیا تھا۔ ایم پی اے کا کام قانون سازی کرنا ہے۔ ارکان اسمبلی صرف قانون سازی پر توجہ دیں گے۔ ترقیاتی اخراجات سیاسی بنیادوں پر استعمال نہیں ہونگے۔ کوئی ڈویلپمنٹ فنڈ ایم پی اے کے پاس نہیں بلکہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس جائیں گے۔ بلدیاتی نمائندوں کو 33 ارب روپے فنڈز دیں گے۔ ترقیاتی فنڈز نمائندوں کے ذریعے خرچ ہونگے۔ خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام دوسروں صوبوں کیلئے مثالی ہوگا۔ اسمبلی میں نیا احتساب قانون پیش کریں گے۔ احتساب سیل ماضی سے بھی زیادہ طاقت ور ہوگا۔ عام آدمی کے فیصلے جلد ہونگے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں بڑے ٹیکس دہندگان اور سرمایہ کاروں کا مہمان خانہ بنے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں نظام کو تبدیل کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا رہا۔ کئی چیزیں اس لئے نہیں کر پائے کیونکہ ہماری جماعت پہلی مرتبہ اقتدار میں آئی۔ تاہم وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی حکومت نے اداروں کو مضبوط بنایا۔ خیبر پختونخوا کی پولیس کو غیر سیاسی کر دیا گیا۔ اب کے پی کے پولیس میں کوئی مداخلت نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پلڈاٹ سروے کے مطابق خیبر پختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہے۔ ہسپتالوں کے اندر پہلی دفعہ سسٹم تبدیل کیا ہے۔ اب خیبر پختونخوا میں مثالی ہسپتال بننے جا رہے ہیں۔ کے پی کے میں سکولوں کے اندر سب سے زیادہ پیسہ خرچ ہو رہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز کے باہر میڈیا پر تشدد کی معذرت کرتا ہوں۔ نعیم الحق کو ذمہ داروں کی نشاندہی کی ہدایت کی ہے۔ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرینگے۔ آئندہ ایسی شکایتیں نہیں ہونگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو 25 فیصد انعام دیا جائے گا جبکہ سرمایہ کاروں اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرینگے۔ عمران خان نے کہا کہ تاثر ہے کہ افغان مہاجرین کی وجہ سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ افغان مہاجرین کے معاملے پر رستم شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ متاثرین ہیں۔ اپنا گھر بار کوئی ایسے نہیں چھوڑتا۔ مہاجرین بڑی مشکل میں رہ رہے ہیں۔ افغان مہاجرین ہمارے مہمان ہیں۔ کوئی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ افغان مہاجرین کے معاملے پر رستم شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 555324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش