QR CodeQR Code

حریت کانفرنس کا اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

26 Jul 2016 09:00

اسلام ٹائمز: احتجاجی مظاہرے میں مقررین نے بھارت کے ظلم و جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری قوم کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے بھارتی مظالم کے خلاف بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر شعبہ خارجہ امور کے سربراہ مولانا غلام نبی نوشہری، طاہر مسعود، الطاف بٹ، محمد فاروق رحمانی و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں مقررین نے بھارت کے ظلم و جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری قوم کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے کشمیر سے متعلق بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ جموں و کشمیر کے عوام کو کرنا ہے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ دریں اثنا فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیری رہنما حسن البنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام تحریک آزادی کشمیر کو استقامت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں اور بھارت کو آخر کار کشمیر کو آزاد کرنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 555428

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/555428/حریت-کانفرنس-کا-اسلام-آباد-میں-بھارتی-ہائی-کمیشن-کے-سامنے-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org