QR CodeQR Code

متحدہ طلباء محاذ ملک بھر میں کشمیر کی آزادی کے حق میں ریلیاں اور کانفرنسز کریگی

26 Jul 2016 19:15

اسلام ٹائمز: آئی ایس او کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ طلباء محاذ کے عہدیدران کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم و بربریت سے کبھی بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا کشمیریوں کا بے گناہ خون بھارتی حکومت خش و خاساک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ طلباء تنظیموں کا نمائندہ پلیٹ فارم متحدہ طلباء محاز کے رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت سے کبھی بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیریوں کا بے گناہ خون بھارتی حکومت کو خش و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔ متحدہ طلباء محاز کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، کشمیری مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ حالیہ دہشتگردی پر اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیئے اور اسے اپنی قراردادوں پر عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کے ذریعے آزادی دلانی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر حالیہ مظالم بدترین مثال ہیں، لیکن اس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ بھارت ظلم اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اقتصادی طور پر بھی پاکستان کی بقا کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے۔ عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لے کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانا چاہیے۔ منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم اور ظلم کا شکار ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی سطح پر ہر قسم کی مدد کرے۔ حکومت بھارت کے خلاف کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں جرات مندی کے ساتھ اٹھائے۔ اسلامی ممالک کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ پر سفارتی دباؤ ڈالیں۔ متحدہ طلباء محاذ کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں ایم ٹی ایم ملک بھر میں عوامی اجتماعات منعقد کریگی۔ اس مقصد کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے انجمن طلباء اسلام، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ، جمعیت طلباء اسلام (ف)، محمدی اسٹوڈنٹس، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، جمیعت طلباء اسلام، اسلامی جمیعت طلباء کے رہنمائوں نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 555575

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/555575/متحدہ-طلباء-محاذ-ملک-بھر-میں-کشمیر-کی-ا-زادی-کے-حق-ریلیاں-اور-کانفرنسز-کریگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org