0
Tuesday 26 Jul 2016 21:12

برطانیہ پاکستان کا روایتی اتحادی، قریبی دوست اور آزمودہ شراکت دار ہے، نواز شریف

برطانیہ پاکستان کا روایتی اتحادی، قریبی دوست اور آزمودہ شراکت دار ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں برطانیہ سے دوطرفہ تعلقات کیلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کا دونوں ملکوں کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا۔ نواز شریف نے تھریسامے کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور باہمی تعلقات کے شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تھریسامے کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنا برطانوی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ تھریسامے کی قیادت میں برطانیہ مزید مستحکم ہوگا اور نئی قیادت کے تحت عالمی امور میں کردار ادا کرتا رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اور عوام تھریسامے کی پاکستان سے وابستگی کی قدر کرتے ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا روایتی اتحادی، قریبی دوست اور آزمودہ شراکت دار ہے۔ دوطرفہ تعلقات کیلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

تھریسامے نے وزیراعظم نواز شریف کے جذبات پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان برطانیہ کا قابل بھروسہ اتحادی ہے۔ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد بھی دونوں ملک دوطرفہ شراکت دار کے طور پر مل کر کام کرتے رہیں گے۔ سلامتی سے متعلق امور میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔ برطانوی وزیراعظم نے جمہوریت کے استحکام کیلئے پاکستان کا ساتھ دینے کا بھی عزم دہرایا اور کہا کہ برطانیہ پاکستان کے جمہوری نظام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کا استحکام ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ تھیریسامے نے کہا کہ انھوں نے بطور وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ طے کیا تھا مگر اب وہ برطانوی وزیراعظم کی حیثیت سے دورہ پاکستان کی منتظر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 555602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش