اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کو لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کو 5 دیگر مقدمات میں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کے خلاف دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف 2012ء میں لیاری کے 2 تھانوں میں اقدامِ قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، دھماکے کرنے اور پولیس مقابلوں کے 5 مقدمات درج ہیں، جن کی تفتیش کی جانی ہے، اس لئے عدالت ملزم کو ان مقدمات میں گرفتار کرنے کی اجازت دے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزم کی گرفتاری کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ عزیر جان بلوچ 2013ء میں آپریشن شروع کئے جانے کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا، تاہم رینجرز کا کہنا ہے کہ اسے حب چوکی کے قریب سے کراچی میں داخل ہوتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔