QR CodeQR Code

بھارتی وزیر داخلہ آئندہ ہفتے پاکستان جائیں گے، پاکستانی دفتر خارجہ کی تصدیق

29 Jul 2016 06:40

اسلام ٹائمز: ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ ایک ایسے وقت میں پاکستان کے دورے پر جا رہے ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور قابض فورسز کی بربریت میں 50 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں، کشمیر میں جاری حالیہ کشیدگی پر پاکستان نے شدید مذمت کی تھی اور اس حوالے سے ملک میں یوم سیاہ بھی منایا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان جائیں گے اور اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان دہشتگردی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔ ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ 3 اور 4 اگست کو ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان جائیں گے۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران راج ناتھ سنگھ دہشتگردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ ایک ایسے وقت میں پاکستان کے دورے پر جا رہے ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور قابض فورسز کی بربریت میں 50 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں، کشمیر میں جاری حالیہ کشیدگی پر پاکستان نے شدید مذمت کی تھی اور اس حوالے سے ملک میں یوم سیاہ بھی منایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ نومبر 2005ء میں ڈھاکا میں ہونے والے سارک ممالک کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ ہر سال سارک کے رکن ممالک کے وزراء داخلہ یا خارجہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کو مستحکم کرنا ہے۔ اس حوالے سے پہلا اجلاس 11 مئی 2006ء کو ڈھاکا میں ہوا تھا جبکہ دوسرا اجلاس 2007ء میں نئی دہلی میں ہوا تھا۔ ادھر پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تننظیم (سارک) کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ اس موقع پر ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حریت رہنماؤں کی گرفتاری پر شدید تحفظات ہیں اور انہیں جلد رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا معاملہ اٹھا رہا ہے اور ہم کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدار استصواب رائے کرائے۔


خبر کا کوڈ: 556168

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/556168/بھارتی-وزیر-داخلہ-آئندہ-ہفتے-پاکستان-جائیں-گے-پاکستانی-دفتر-خارجہ-کی-تصدیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org