0
Friday 29 Jul 2016 14:29

آزادی کشمیر مارچ میں عوام ثابت کریں گے وہ کشمیریوں کیساتھ ہیں، ذکراللہ مجاہد

آزادی کشمیر مارچ میں عوام ثابت کریں گے وہ کشمیریوں کیساتھ ہیں، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام 31 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں ناصر باغ تا واہگہ بارڈر آزادی کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کرکے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی کشمیر مارچ کے حوالے سے تشکیل کردہ انتظامی کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب مولانا محمد جاوید قصوری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود الاحد، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر موجود تھے۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مقبوضہ کشمیر میں دن بدن بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کشمیری عوام خون میں لت پت ہیں لیکن مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی ایک مجرمانہ عمل ہے ہم اس کے بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غنڈہ گردی کیخلاف اقوام متحدہ کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں اور کشمیری ماﺅں اور بہنوں کی چیخ و پکار ضرور رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ کی طرح کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے لاہور کی عوام 31 جولائی کو اپنے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں آزادی کشمیر مارچ میں بھر پور شرکت کر کے یہ بات ثابت کر دیں گے کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ پورے پاکستانی قوم ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالم اسلام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ماﺅں اور بہنوں کی چیخ و پکار پر کان دھریں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں کیونکہ کشمیری عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور اپنی آزادی کیلئے بھارتی جارحیت کیخلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران بھارت کے ساتھ ہر سطح کے تعلقات ختم کر کے عالمی سطح پر بھارت کی غنڈہ گردی کیخلاف آواز اٹھائے اگر حکمرانوں نے کشمیر ی عوام کیلئے عملی اقدامات نا اٹھائیں اور اپنی بے حسی کا مظاہرہ جاری رکھا تو پاکستانی عوام ان کا بے محاسبہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 556243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش